1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہنڈوراس کی عبوری حکومت پر امریکی دباؤ

29 جولائی 2009

واشنگٹن نے لاطینی امریکہ کے غریب ترین ملک ہنڈوراس کی چار اعلٰی شخصیات کے سفارتی ویزوں کو واپس لے لیا ہے، جبکہ واشنگٹن میں امریکی وزارت خارجہ نے ہنڈوراس کی عبوری حکومت کو ماننے سے بھی انکار کردیا ہے۔

https://p.dw.com/p/IzZj
معزول جلاوطن صدر سیلایاتصویر: AP

لاطینی امریکہ کے ملک ہنڈوراس میں سیاسی انتشار دن بدن بڑھتا جارہا ہے۔ ہنڈورس کے معزول صدر مانوئل سیلایا اور عبوری حکومت کے سربراہ رابرٹو مشیلیٹی کے درمیان تنقیدی بیانات کے تبادلے سے صورتحال مزید بگڑتی جارہی ہے۔ تاہم ہنڈوراس کی سڑکوں پر سیلایا کے حامیوں کی جانب سے کئے گئے مظاہروں اور اب واشنگٹن کی جانب سے مشیلیٹی حکومت کو نہ ماننے کے نتیجے میں ملکی حالات نے ایک نیا موڑ لے لیا ہے۔

امریکہ وزارت خارجہ کے ترجمان این کیلی نے آج بدھ کے روز واشنگٹن میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے واضح الفاظ میں ہنڈورس کے معزول صدر سیلایا کی پوری حمایت کا اعلان کیا۔ کیلی نے ہنڈوراس کی موجودہ حکومت اور عدلیہ سے تعلق رکھنے والے چار شہریوں کے اعلٰی سفارتی ویزوں کو بھی منسوخ کرنے کا اعلان کیا۔

اسی دوران ہسپانوی وزیر خارجہ میغؤل موراتینوس نے کہا ہے کہ وہ یورپی یونین کو بھی ہنڈوراس کی عبوری حکومت کے خلاف ایسے ہی کچھ اقدامات اٹھانے کے لئے راضی کریں گے۔ موراتینوس ان دنوں وینیزویلا کے دورے پر ہیں۔

Proteste Honduras
سیلایا کے حامی مظاہرین اور حکومتی فورسزتصویر: AP

دوسری طرف سپریم کورٹ اور ملکی کانگریس کی حمایت یافتہ ہنڈوراس کی عبوری حکومت نے معزول صدر سیلایا کے حق میں بڑھتے ہوئے بین الاقوامی دباؤ کے آگے جھکنے سے انکار کردیا ہے۔ ہنڈوراس کے معزول صدر سیلایا 28 جون کو ہوئی بغاوت کے بعد سے ملک بدر کر دئے گئے تھے اور اب وہ نکاراگوا میں جلاوطنی کی زندگی گزار رہے ہیں۔

واشنگٹن حکومت کی جانب سے اس اعلان کے فوری بعد سیلایا نے اپنی ماں، بیوی اور بچوں کی بازیابی کے لئے مذاکراتی کوششیں شروع کردی ہیں۔ ہنڈوراس میں بغاوت کے بعد عبوری حکومت نےسیلایا کے خاندان کو اپنی قید میں کرلیا تھا۔ سپریم کورٹ نے گذشتہ ماہ سیلایا کو آئین میں ترمیم کر تے ہوئے اپنے اختیارات کو وسیع تر کرنے کے الزام گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا۔

امریکہ وزارت خارجہ نے ہنڈوراس کی عبوری حکومت کے خلاف اس حالیہ اقدام سے پہلے لاطینی امریکہ کے اس غریب ترین ملک کی 16.5 ملین ڈالرز کی دفاعی امداد دینے سے بھی انکار کردیا ہے۔ ورلڈ بینک اور بین الا مریکی ترقیاتی بینک نے بھی ہنڈوراس کو 200 ملین ڈالر قرض کو فراہم کرنے سے انکار کردیا ہے۔



رپورٹ: انعام حسن

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید