1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہنگری کا شہر پیچ:یورپی ثقافتی دارالخلافہ 2010ء

7 جنوری 2010

ترکی کے شہر استنبول اور جرمنی کے شہر Essen کے ساتھ ساتھ ہنگری کے شہر Pecs کو بھی سن 2010ء کے یورپی ثقافتی دارالخلافہ ہونے کے اعزاز سے سرفراز کیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/LO4S

ہنگری کا ایک لاکھ پچھتر ہزار آبادی والاشہر پیچ اِس سال کے یورپی ثقافتی دارالخلافے بننے والے شہروں میں سب سے چھوٹا لیکن مغربی ہنگری کا سب سے بڑا شہر ہے۔ اِس سال کے دوران مختلف ثقافتوں کے نمائندہ شہر پیچ کو پوری دُنیا کے سامنےاپنی دو ہزار سالہ رنگا رنگ تاریخ پیش کرنے کا موقع مل رہا ہے۔ تاہم اِس شہر میں جشن کا سا سماں گزشتہ سال ہی سے دیکھنے میں آ رہا ہے، جب تیئیس اگست کو یہاں بشپ کے تعلقے کے قیام کی ایک ہزار ویں سالگرہ منائی گئی تھی۔

Post in Pecs Flash-Galerie
ہنگری کے شہر پیچ کا ا یک منظرتصویر: Silke Bartlick

اِس شہر کی شناخت سینٹ ماریا کیتھولک چرچ ہے۔ سن 1585ء میں جب ترک یہاں قابض تھے تو اُنہوں نے یہاں پہلے سے موجود ایک رومن گرجا گھر کو سبز گنبد والی ایک چوکور مسجد کی شکل دے دی۔ جب ایک سو پچاس برس بعد ترکوں کو یہاں سے نکالا گیا تو کیتھولک کلیسا نے اِس مسجدکا مینار ہٹا کر اِس پر ایک کلیسائی مینا ر تعمیر کروایا اور اِسے پھر سے ایک گرجا گھر کی شکل دے دی۔ اِس گرجا گھر کے ایک حصے میں ابھی بھی سلطنتِ عثمانیہ کے دور کی باقیات اور قرآنی آیات دیکھی جا سکتی ہیں۔

بشپ مِہالی مائر بتاتے ہیں:’’بہت سے کیتھولک مسیحی اِس چرچ کو آج بھی جامعہ کہہ کر پکارتے ہیں۔ یہ لیکن پوری حقیقت نہیں ہے۔ یہاں ایک جامعہ ضرور تھی لیکن ابتدا میں یہ ایک مسیحی عبادت خانہ تھا، جسے مسجد میں بدلا گیا۔ کمیونسٹ دور میں اِس کیتھیڈرل کے دروازے ویسے ہی ہر ایک پر بند رہے۔‘‘

Pecs Ausgrabungen Flash-Galerie
پیچ شہر میں آثارِ قدیمہ کی کھدائیتصویر: Sylvia Genova

بشپ مائر بتاتے ہیں کہ ہنگری میں کمیونسٹوں کے پچاس سالہ دور میں کیتھولک کلیسا کا کردار ثانوی نوعیت کا رہا جبکہ پیچ شہر قدیم دَور سے شاندار مسیحی روایات کا حامل چلا آ رہا ہے۔ ابھی چند عشرے پہلے یہاں چوتھی صدی عیسوی کے زمانے کی قبریں دریافت ہوئی تھیں۔ آج کل یہ قبریں یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے میں شامل ہیں۔ یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ ہمیشہ سے ہی ہنگری کے خوبصورت شہروں میں شمار ہونے والے پیچ نے یورپی ثقافتی دارالخلافہ ہونے کی دوڑ میں ہنگری کے دارالحکومت بُوڈا پیسٹ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا تھا۔

رپورٹ: امجد علی

ادارت: افسر اعوان