1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہوبارٹ ٹیسٹ میں آسٹریلیا کا پلہ بھاری

16 جنوری 2010

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا تیسرا اور آخری میچ آسٹریلوی شہر ہوبارٹ میں جاری ہے۔ چوتھے دن کھیل کے اختتام پر پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں چار وکٹوں کے نقصان پر ایک سو تین رنز بنالئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/LXsV
تصویر: Picture-Alliance / Photoshot

پاکستانی اوپنرز کی ناکامی کے بعد مڈل آرڈر بھی آسٹریلوی باؤلرز کے سامنے نہ ٹک سکی اور 83 کے مجموعی اسکور تک چار بلے باز میدان سے واپس پولین لوٹ چکے تھے۔ عمران فرحت نے 14، سلمان بٹ نے آٹھ، کپتان محمد یوسف نے 23 جبکہ عمر اکمل نے15رنز بنائے۔ خرم منظور 23 اور شعیب ملک 18 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

پاکستان کو میچ جیتنے کے لئے ابھی مزید 335 رنز درکار ہیں جبکہ شکست سے بچنے کے لئے میچ کا پانچواں اور آخری دن آؤٹ ہوئے بغیر گزارنا ہوگا۔ پاکستان کی ابھی چھ وکٹیں باقی ہیں۔

تیسرے دن کھیل کے اختتام پر آسٹریلوی ٹیم نے اپنی دوسری اننگز میں 59 رنز بنائے تھے اور اس کا ایک کھلاڑی آؤٹ ہوا تھا۔ آسٹریلیا نے چوتھے روز پانچ وکٹوں کے نقصان پر219 رنز بناکر دوسری اننگز ڈکلیئر کردی تھی۔ سائمن کیٹچ نے 100 جبکہ کپتان پونٹنگ نے 89 رنز بنائے۔

اس سے قبل آسٹریلوی ٹیم نے پاکستانی کھلاڑیوں کو پہلی اننگز میں 301 کے مجموعی اسکورپر پویلین واپس بھیج دیا تھا۔ پاکستانی ٹیم آسٹریلیا کی پہلی اننگز کے اسکور 519 رنز کا تعاقب کررہی تھی۔ گوکہ مہمان ٹیم فالوآن کا شکار ہوچکی تھی مگر میزبان ملک کے کپتان رکی پونٹنگ نے اپنے فاسٹ بالرز کو ریسٹ دینے کے لئے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

Younus Khan pakistanischer Cricketspieler und Kaptitän
یونس خان کو ایک روزہ مقابلے کے لئے طلب کرلیا گیا ہےتصویر: AP

پاکستان کی پہلی اننگز کی خاصیت سلمان بٹ کی تیسری ٹیسٹ سنچری کے علاوہ آخری وکٹ کی شراکت میں 53 رنز کا اسکور رہا۔ عمر گل اور محمد آصف کے درمیان اس شاندار شراکت میں محمد آصف نے 29 رنز بنائے جو ان کے ٹیسٹ کیریئر میں بہترین اسکور ہے۔ عمر گل 38 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جن میں ان کے تین شاندار چھکے بھی شامل تھے۔

آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا یہ آخری میچ ہے اور آسٹریلیا کو اس سیریز میں دوصفر کی برتری حاصل ہے۔ ٹیسٹ سیریز کے بعد 22 جنوری سے دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز کا آغاز ہوگا۔ ایک ٹونٹی ٹونٹی میچ پانچ فروری کو کھیلا جائے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ون ڈے ٹیم کے لئے شاہد آفریدی اور یونس خان سمیت چھ کھلاڑیوں کو آسٹریلیا بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

رپورٹ : افسراعوان / شادی خان سیف