1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہونڈوراس: رابرٹو مشیلیٹی عبوری صدر مقرّر

رپورٹ: افسر اعوان، ادارت: شامل شمس29 جون 2009

وسطی امریکہ کے ملک ہونڈوراس میں عبوری طور پر مقرر کئے جانے والے صدر رابرٹو مِشیلیٹی نے مانویل سیلایا کے خلاف فوجی بغاوت کی تردید کرتے ہوئے ملک میں 48 گھنٹے کے لئے کرفیو نافذ کردیا ہے۔

https://p.dw.com/p/IczU
کانگریس کے اسپیکر رابرٹو مشیلیٹی کو عبوری صدر مقرّر کردیا گیا ہےتصویر: AP

ملکی کانگریس کی طرف سے تقرری کے بعد مِشیلیٹیی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ اتوار کی رات سے شروع ہونے والا دوروزہ کرفیو منگل کی رات تک جاری رہے گا۔

صدرکی حیثیت سے حلف اٹھانے سے قبل رابرٹو مِشیلیٹی نے کہا کہ وہ کسی بغاوت کے نتیجے میں صدر نہیں بنے بلکہ ان کی تقرری قانونی طریقے سے عمل میں آئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں جوکچھ بھی ہوا ہے وہ عین جمہوری طریقے سے ہوا ہے، کیوں کہ ملکی افواج نے عدلیہ کے احکامات کے مطابق کارروائی کی ہے۔

Manuel Zelaya / Honduras
سیلایا تیسری مرتبہ صدر منتخب ہونے کے لئے ملکی آئین میں ترمیم کے لئے اتوار کے روز ریفرنڈم منعقد کروا نا چاہتے تھےتصویر: AP

ہنڈوراس کی فوج نے اتوار کے روز ملکی صدر مانویل سیلایا (Manuel Zelaya) کو معزول کرکے انہیں ملک سے بے دخل کرتے ہوئے کوسٹا ریکا روانہ کردیا تھا۔ جس کے فوری بعد ملکی کانگریس نے سپیکر رابرٹو مِشیلیٹی کو عبوری صدر مقرر کردیا۔ کانگریس سے جاری ہوئے والے بیان کے مطابق سیلایا کی جانب سے ملکی آئین کی مسلسل خلاف ورزیوں کے بعد متفقہ فیصلے کے تحت ہٹایا گیا ہے۔

رابرٹومشیلیٹی اسی برس نومبر میں ہونے والے انتخابات میں منتخب ہونے والے صدر کے 27 جنوری 2010 تک عہدہ سنبھالنے تک ملک کے عبوری صدر رہیں گے۔

معزول کئے جانے والے صدرسیلایا نومبر 2005 میں دوسری اور آخری چارسالہ مد ت کے لئے ملک کے صدرمنتخب ہوئے تھے۔ وہ تیسری مرتبہ صدر منتخب ہونے کے لئے ملکی آئین میں ترمیم کے لئے اتوار کے روز ریفرنڈم منعقد کروا رہے تھے۔ ملک کی سپریم کورٹ نے اس طرح کے ریفرنڈم کو غیر قانونی قرار دیا تھا مگر وہ اسکے باوجود یہ ریفرنڈم کرانے پر مصر تھے۔ فوج کی جانب سے ریفرنڈم کے دوران انتخابی سامان کی ترسیل سے انکار پر اُنہوں نے فوج کے چیف General Romeo Vasquez Velasquez کو برطرف کردیا تھا۔

Honduras / Putsch / Soldat
ہونڈوراس میں کرفیو نافذ کردیا گیا ہےتصویر: AP

فوج کی جانب سے سیلایا کو معزول کئے جانے پر بین الاقوامی رہنماؤں کی طرف سے اس معاملے کو بات چیت کے ذریعے طے کرنے پر زور دیا گیا۔ امریکی صدر باراک اوباما نے ہونڈوراس کے تمام فریقوں سے اپیل کی کہ وہ جمہوری اقدار کا احترام کرتے ہوئے قانون کی حکمرانی کے عمل کو جاری رکھیں۔ امریکی صدر نے تمام اختلافی معاملات کو مذاکرات اور بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ امریکی ریاستوں کی تنظیم OAS کے سربراہ کی جانب سے بھی فوجی بغاوت کی مذمت سامنے آئی، جبکہ یورپی یونین نے بھی فوجی بغاوت کے بعد صدر کی گرفتاری کو ایک قابلِ مذمت واقعہ قرار دیا ہے۔

جمہوری ہونڈوراس وسطی امریکہ کا ملک ہے۔ یہ سابق ہسپانوی کالونی تھا۔ اِس کی سرحدوں کے ایک طرف سمندر ہے تو دوسری طرف گوئٹے مالا، نکاراگوا اور السیلواڈور کے ممالک ہیں۔ اِس کا دارالحکومت Tegucigalpa ہے۔ ہونڈوراس کی اسی فی صد آبادی خطِ غربت کے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔