1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہونڈوراس کے صدر کا اعلانِ واپسی

رپورٹ:عابد حسین ، ادارت : امجد علی5 جولائی 2009

ہونڈوراس کے ملک بدر صدر سیلایا اتوار کو اپنے ملک پہنچنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ وہ واپسی کو ایک اہم فیصلہ قرار دے رہے ہیں۔ دوسری جانب ملک اندر اُن کے حامیوں اور مخالفین کے درمیان جھڑپوں کا بھی امکان لگایا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/IhIl
ہونڈوراس کےملک بدر صدر سیلایاتصویر: AP

وسطی امریکی ملک ہونڈوراس میں سیاسی بحران شدید سے شدید تر ہوتا جا رہا ہے۔ فوج کی حمایت یافتہ عبوری حکومت نے آرگنائزیشن آف امریکن سٹیٹس میں آج اُن کے ملک کی رکنیت معطل ہونے کی ووٹنگ سے قبل ہی تنظیم سے علٰیحدگی اختیار کرنے کا اعلان کر کے عالمی سطح پر بے چینی کی لہر میں شدت پیدا کر دی ہے۔ سفارتکاروں کا خیال ہے کہ عبوری حکومت کے اِس اعلان کے بعد وہاں کی اسی فی صد آبادی، جو پہلے ہی غربت کا شکار ہے، سماجی اور معاشی لحاظ سے اور پیچھے چلی جائےگی۔ ماہرین کے خیال میں ہونڈوراس کی عبوری حکومت نے اپنے ملک کو مرکزی دھارے سے علٰیحدہ کر لیا ہے۔ یورپی یونین سمیت کئی اور ملکوں نے اپنے اپنے سفیر واپس بلا لئے ہیں۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے بھی ملک بدر صدر مانوعیل سیلایا کی حمایت کی ہے جبکہ Roberto Michelettiکو ملک کا جائز صدر ماننے سے انکار کر دیا ہے۔

Anhänger von Manuel Zelaya / Honduras
صدر سیلایا کے حامیوں کا مظاہرہتصویر: AP

دوسی جانب وینزویلا کے ایک علاقائی ٹیلی ویژن پر اپنی قوم کے نام پیغام میں سیلایا نے کہا ہے کہ وہ آج اتوار کو ہونڈوراس واپسی پلان کئے ہوئے ہیں اور یہ واپسی اُس صدر کی ہو گی، جسے عوام نے منتخب کیا تھا۔ اُنہوں نے اپنے حامیوں سے کہا ہے کہ وہ غیر مسلح ہو کر اُن کا استقبال کریں۔ اُنہوں نے عبوری صدر Micheletti سے کہا ہے کہ عالمی عدالت اُن پر نسل کُشی کے الزام کے تحت مقدمہ چلائے گی کیونکہ وہ فوج کے ساتھ مل کر عوام کے حقوق غصب کر رہے ہیں۔

ہونڈوراس کے سیاسی منظر نامے پر مسلسل تبدیلی پیدا ہو رہی ہے۔ اب وہاں کے پروٹسٹنٹ کلیسا کے سربراہ کارڈینل آسکر راڈرگ نے صدر سیلایا سے کہا ہے کہ وہ وطن واپسی مؤخر کردیں کیونکہ اُن کی آمد سے خون خرابے کا خطرہ ہے۔ ایکواڈور کے صدر رافاعیل کوریعا کے علاوہ ارجنٹائن کی خاتون صدر کرسٹینا ڈی کرشنر کی جانب سے بھی کہا گیا ہے کہ صدر سیلایا کے ساتھ واپسی کے سفر میں وہ اُن کے ساتھ جائیں گی۔

Honduras / Micheletti
عبوری حکومت کے سربراہ سیلایا کے مخالفین سے تقریر کرتے ہوئے۔تصویر: AP

صدر سیلایا کے اعلانِ واپسی کی مناسبت سے ہونڈوراس کی عبوری حکومت نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں داخلے کے تمام مقامات پر صدر سیلایا کی گرفتاری کے وارنٹ چسپاں ہیں اور جونہی وہ لوٹیں گے، اُنہیں گرفتار کر لیا جائے گا۔ تیگوسی گلپا میں عوامی مظاہروں میں بھی اضافے کا رجحان ہے اور وہاں کے لوگ سڑکوں پر نعرے لگا رہے ہیں کہ سیلایا تم ہمارے دوست ہو، عوام تمہارے ساتھ ہیں۔ دارالحکومت تیگوسی گلپا میں سیلایا کی حمایت میں پر امن احتجاج کا سلسلہ پہلے ہی جاری ہے جبکہ دوسرے بڑے شہر San Pedro de Sula میں تو ایک بار مظاہرین کی پولیس سے مڈبھیڑ بھی ہو چکی ہے۔تب سینکڑوں افراد کو گرفتارکر لیا گیا تھا۔