1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہوٹل میں قیام کے بعد منفی رائے: آپ کو جیل بھی ہو سکتی ہے

26 ستمبر 2020

کسی ہوٹل میں بطور سیاح قیام کے بعد اس کے بارے میں منفی رائے دیتے ہوئے آپ کو محتاط رہنا چاہیے۔ ایسا کرنے پر آپ کو جیل بھی ہو سکتی ہے۔ ایک امریکی شہری کو ایسی رائے دینے پر تھائی لینڈ میں اپنے خلاف مقدمے کا سامنا ہے۔

https://p.dw.com/p/3j2op
تصویر: dapd

تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق ایک امریکی شہری نے اس ملک کے ایک تعطیلاتی جزیرے پر کچھ عرصہ چھٹیاں گزاریں اور پھر 'ٹرپ ایڈوائزر‘ نامی ویب سائٹ پر اس ہالیڈے ریزورٹ کے بارے میں منفی رائے لکھ دی۔ اس کا نتیجہ یہ کہ اب اس امریکی شہری کے خلاف مقدمہ دائر کیا جا چکا ہے اور قصور وار ثابت ہونے پر انہیں دو سال تک کی سزائے قید بھی سنائی جا سکتی ہے۔

تھائی لینڈ کی قومی معیشت میں سیاحت اور اس سے ہونے والی آمدنی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں لیکن کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث اس جنوب مشرقی ایشیائی ملک میں سیاحتی شعبہ گزشتہ کئی ماہ سے پوری طرح مفلوج ہے۔

تھائی جزیرے کوہ چانگ پر تعطیلات

تھائی لینڈ کا جزیرہ کوہ چانگ اپنے ریتلے ساحلوں اور سبز رنگ کے پانیوں کے لیے دنیا بھر میں مشہور ہے۔ حال ہی میں ایک امریکی سیاح ویسلے بارنز نے اس جزیرے کی 'سی ویو ریزورٹ‘ میں اپنے لیے ایک تعطیلاتی پیکج بک کرایا۔ اپنے قیام کے بعد انہوں نے TripAdvisor نامی ویب سائٹ پر اس ریزورٹ کے بارے میں جو آن لائن رائے لکھی، اس پر اس ریزورٹ کی انتظامیہ شدید ناراض ہوئی۔

Thailand Koh Phanghan Anantara Rasananda Resort
تصویر: Getty Images

ویسلے بارنز تھائی لینڈ ہی میں کام کرتے ہیں۔ ان کی طرف سے بہت منفی رائے دیے جانے کے بعد سی ویو ریزورٹ کی انتظامیہ نے ان کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا۔ الزام یہ لگایا گیا کہ اس امریکی شہری نے اس ریزورٹ کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی ہے، ان کے تنقیدی تبصرے انتہائی غیر منصفانہ اور جانبدارانہ تھے اور وہ تو ایک سے زائد مرتبہ ہوٹل کے ملازمین سے لڑ بھی پڑے تھے۔

عدالتی فیصلے تک ملزم کی ضمانت پر رہائی

امریکی شہری ویسلے بارنز کے خلاف قانونی شکایت کے بعد جزیرے کوہ چانگ کی پولیس کے سربراہ کرنل تھاناپون تائمسارا نے بتایا، ''ویسلے بارنز کو اس جزیرے سے رخصتی کے بعد تھائی امیگریشن حکام نے گرفتار کر کے واپس اس جزیرے پر پہنچا دیا، جہاں ان کے خلاف مقدمہ درج ہو چکا ہے۔ انہیں کچھ دیر کے لیے حراست میں رکھا گیا، مگر پھر ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔‘‘

اب ویسلے بارنز کو عدالتی کارروائی مکمل ہونے کا انتظار کرنا ہے۔ اگر انہیں دانستہ طور پر سی ویو ریزورٹ کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کا مرتکب پایا گیا، تو انہیں دو سال تک قید کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔

سزائے قید کے علاوہ انہیں دو لاکھ تھائی بھات جرمانہ بھی کیا جا سکتا ہے، جو تقریباﹰ ساڑھے چھ ہزار امریکی ڈالر کے برابر بنتا ہے۔

تھائی لینڈ میں کسی شخص یا ادارے کو بدنام کرنے کے دانستہ کوشش کے خلاف مروجہ قوانین انتہائی سخت ہیں۔ یہ قوانین اتنے سخت ہیں کہ بہت سی تنظیموں کے مطابق ان کی آڑ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بھی کی جاتی ہیں اور آزادی صحافت کی درپردہ نفی بھی۔

م م / ش ح (اے ایف پی، اے پی)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں