1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہیلتھ کیئر: اوباما کا کانگریس سے خطاب

10 ستمبر 2009

امریکی صدر باراک اوباما نے ایک بار پھر 46 ملین غیر انشورنس یافتہ امریکیوں کو اپنے نئے پلان کے تحت صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/JcJT
امریکی صدر باراک اوباما کانگریس سے خطاب کے دورانتصویر: AP

ملکی کانگریس سے اپنے تازہ ترین خطاب کے دوران اوباما اُس وقت بہت جذباتی دکھائی دیئے، جب انہوں نے کانگریس کے اراکین سے کہا کہ سیاسی اختلافات سے بالا تر ہوکر وہ ان کی جانب سے پیش کردہ صحت کے منصوبے کی حمایت کریں۔

صدر باراک اوباما نے بدھ کی رات امریکی کانگریس سے خطاب کیا، جس میں انہوں نے امریکی عوام کے لئے صحت سے متعلق بہتر سہولیات فراہم کرنے کا یقین دلایا۔ ان کی تقریر کو ملک بھر میں نشر کیا گیا۔ انہوں نے کانگریس کے اراکین، خاص طور سے ریپبلیکن کانگریس مین، سے کہا کہ وہ اپنی توانائیاں اس منصوبے کو ناکام کرنے کے بجائے، کامیاب کرنے میں صرف کریں۔

’’ بلاوجہ کی بحث کرنے کا وقت اب گیا۔ ہر طرح کے سیاسی کھیل کھیلنے کا وقت بھی اب نہیں رہا۔ اب وقت صرف کام کرنے کا ہے۔ اس کے لئے ہمیں کانگریس میں دونوں اہم جماعتوں کے اراکین کی تائید کے ساتھ ساتھ اُن کے آئیڈیاز کی بھی ضرورت ہے، تاکہ ہم امریکی عوام کے لئے وہ کچھ کر پائیں جس کے لئے ہمیں اس ایوان میں بھیجا گیا ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ امریکہ میں ہیلتھ سسٹم کو بالکل نئے مگر درست طریقے سے استوارکیا جائے۔‘‘

Barack Obama Gesundheitspolitik
اوباما کی تقریر کو ملک بھر میں نشر کیا گیاتصویر: AP

اوباما انتظامیہ کے اس نئے منصوبے کو کانگریس کے ریپبلیکن اراکین اور ملک میں قدامت پسند حلقوں کی طرف سے شدید تنقید کا سامنا ہے۔ اس کی وجہ اوباما انتظامیہ کا صحت کے شعبے میں حکومت کی زیادہ عمل داری اور پبلک انشورنس کا آپشن ہے، جس پر اوباما کو گزشتہ کئی مہینوں سے تنقید کا ہدف بنایا جاتا رہا ہے۔ ریپبلیکن اراکین کا کہنا ہے کہ اس آپشن پر عمل درآمد ہونے سے انشورنس کمپنیوں کو نقصان ہوگا۔ اوباما نے اپنی تقریر میں کہا: ’’میں آپ کی بات بالکل سنوں گا اگر آپ میرے پاس اس حوالے سے نئی، کارآمد اور سنجیدہ تجاویز کے ساتھ آئیں، لیکن آپ یہ سمجھ لیں کہ میں اپنا وقت اُن لوگوں کے ساتھ بالکل برباد نہیں کرنا چاہتا، جو صحت کے اس منصوبے کو اپنے سیاسی داؤ پیچ میں الجھا کر روک دینا یا ختم کرنا چاہتے ہیں۔‘‘

اوباما کی تقریر کو ڈیموکریٹ پارٹی کے کانگریس اراکین نے بار بار کھڑے ہوکر تالیوں کی گونج میں سراہا، جبکہ ریپبلیکن اراکین چُپ سادھے بیٹھے رہے۔ اوباما نے کہا:’’میرے اس منصوبے سے تین مسائل کا حل نکلے گا۔ اس سے اُن امریکیوں کو بہتر سہولیات ملیں گی، جن کے پاس ہیلتھ انشورنس ہے۔ اس کے ساتھ ہی اس سے ان امریکیوں کو صحت کی سہولت میسر ہوگی، جن کے پاس انشورنس ہی نہیں ہے اور سب سے اہم بات یہ کہ اس سے صحت پر ہونے والے اخراجات میں کمی آئے گی۔‘‘

امریکہ میں صحت کے شعبے پر ہرسال 2.5 ٹریلین ڈالرخرچ کئے جاتے ہیں۔ اس کے باوجود امریکہ صحت کی سہولیات کے حساب سے دنیا میں 37 ویں نمبر پر ہے۔ اوباما کے مطابق اگلے دس سالوں میں ان کے منصوبے پر نوسو بلین ڈالر لاگت آئے گی اور اس طرح حکومتی خزانے پر بوجھ ڈالے بغیر سب امریکیوں کو صحت کی سہولیات میسر ہوں گی۔

رپورٹ : انعام حسن

ادارت : عاطف توقیر