1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہیملٹن: نیوزی لینڈ کے لیے 269 کا ہدف

3 فروری 2011

پانچویں ایک روزہ میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے کھیلتے ہوئے نو کھلاڑیوں کے نقصان پر 268 رنز بنائے، جس میں احمد شہزاد کے 115 رنز نمایاں رہے۔

https://p.dw.com/p/109fm
یونس خان کا دلفریب اندازتصویر: AP

چھ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے سلسلے میں کھیلے جا رہے پانچویں میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان روس ٹیلر نے ٹاس جیت کر پاکستان کو کھیلنے کی دعوت دی۔ اگرچہ اوپنر محمد حفیظ بیس کے مجموعی اسکور پرآؤٹ ہو گئے تاہم ون ڈاؤن کامران اکمل اور احمد شہزاد نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 53 رنز جوڑے۔

کامران اکمل کے آؤٹ ہونے کے بعد اگرچہ ایک اینڈ سے پاکستانی بلے باز آؤٹ ہوتے گئے تاہم دوسری طرف سے نوجوان کھلاڑی احمد شہزاد نے اپنی بیٹنگ کے خوب جوہر دکھائے۔ انہوں نے 109 گیندوں پر تین چھکوں اور بارہ چوکوں کی مدد سے 115رنز کی اعلیٰ اننگز کھیلی۔ وہ جب آؤٹ ہوئے تو پاکستان کا مجموعی اسکور 197 تھا۔

Shahid Afridi
پاکستانی کپتان شاہد خان آفریدیتصویر: AP

پاکستان کی طرف سے دیگر نمایاں بلے بازوں میں عمر اکمل نے بتیس، اور مصباح الحق نے پچیس جبکہ کپتان شاہد آفریدی نے چوبیس رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے ملز، سٹائرس اور اورم نے دو دو جبکہ نیتھن میکلم نے ایک وکٹ حاصل کی۔

نیوزی لینڈ نے جب اپنی اننگز کا آغاز کیا تو ان کے اوپنر بلے باز جیسی رائڈر کوئی گیند کھیلے بغیر ہی رن آؤٹ ہو گئے۔ انہیں مصباح الحق نے آؤٹ کیا۔ نیوزی لینڈ کی اننگز ابھی جاری ہے۔

نیوزی لینڈ اور پاکستان کے مابین جاری چھ میچوں کی اس ون ڈے سیریز میں اس وقت پاکستان کو دو ایک سے برتری حاصل ہے۔ پہلا میچ بلیک کیپز نے جیتا، دوسرا بارش کی وجہ سے بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوا جبکہ آخری دو میچ پاکستان نے جیتے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں