1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہینوور میں دنیا کے سب سے بڑے صنعتی تجارتی میلے کا افتتاح

مقبول ملک
23 اپریل 2017

شمالی جرمنی کے شہر ہینوور میں دنیا کے سب بڑے صنعتی تجارتی میلے کا افتتاح ہو گیا ہے۔ اس سال اس پانچ روزہ عالمی تجارتی نمائش کا خصوصی پارٹنر ملک پولینڈ ہے۔ میلے کا افتتاح جرمن چانسلر اور پولینڈ کی وزیر اعظم نے مل کر کیا۔

https://p.dw.com/p/2blTH
Hannover Messe 2017 Angela Merkel
ہینوور کی عالمی صنعتی نمائش کے افتتاح کے موقع پر جرمن چانسلر میرکل، بائیں، پولینڈ کی وزیر اعظم شیڈلو کے ہمراہتصویر: picture-alliance/dpa/J. Stratenschulte

شمالی جرمن صوبے لوئر سیکسنی کے دارالحکومت ہینوور سے اتوار تئیس اپریل کی شام ملنے والی نیوز ایجنسی ڈی پی اے کی رپورٹوں کے مطابق اس میلے کا باضابطہ افتتاح آج شام جرمن چانسلر انگیلا میرکل اور پولینڈ کی خاتون وزیر اعظم بیاٹا شیڈلو نے مشترکہ طور پر کیا۔ پولینڈ اس مرتبہ پانچ روز تک جاری رہنے والی اس عالمی نمائش کا خصوصی پارٹنر ملک بھی ہے۔

مودی کے ہاتھوں جرمنی میں تجارتی میلے کا افتتاح

دنیا کا سب سے بڑا صنعتی میلہ: اس سال پارٹنر ملک بھارت

جرمنی میں دنیا کا سب سے بڑا صنعتی تجارتی میلہ آج سے

اپنی نوعیت کی یہ سب سے بڑی سالانہ عالمی نمائش ہینوور میں اس سال  مجموعی طور پر 70 ویں مرتبہ منعقد کی جا رہی ہے اور اس نمائش کا اہم ترین موضوع وہ ’اِنٹیگریٹڈ انڈسٹری‘ ہے، جس میں بین الاقوامی سطح پر روبوٹس اب زیادہ سے زیادہ اہم اور متنوع کردار کے حامل ہوتے جا رہے ہیں۔

اس مرتبہ اس عالمی تجارتی میلے میں مختلف براعظموں میں بیسیوں مختلف ممالک سے آنے والے کُل ساڑھے چھ ہزار سے زائد صنعتی نمائش کنندہ ادارے حصہ لے رہے ہیں اور مجموعی طور پر اس میلے کو دیکھنے کے لیے آنے والے ملکی اور غیر ملکی مہمانوں کی تعداد قریب دو لاکھ تک رہنے کی توقع ہے۔

Hannover Messe 2017
یہ صنعتی نمائش کل پیر کے دن سے دنیا بھر سے آنے والے مہمانوں کے لیے کھول دی جائے گیتصویر: picture-alliance/dpa/F. Gentsch

یہ میلہ کل پیر کی صبح سے صنعتی شعبے کی اہم شخصیات پر مشتمل مہمانوں کے لیے کھول دیا جائے گا۔ 24 سے 28 اپریل تک جاری رہنے والے امسالہ ہینوور صنعتی میلے میں کُل نمائش کنندگان میں سے 40 فیصد اداروں کا تعلق جرمنی سے ہے جبکہ باقی ماندہ قریب 60 فیصد ادارے بیرونی دنیا سے آ کر یہاں اپنی اپنی صنعتی مصنوعات کی نمائش کر رہے ہیں۔