1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یمن میں جنگ بندی، ایران کی طرف سے نئی کوششوں کا خیرمقدم

8 فروری 2021

یمن کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی تہران پہنچے ہوئے ہیں۔ ایرانی حکومت نے یمن کے تنازعے کے حل کے لیے اقوام متحدہ کی کوششوں کا خیر مقدم کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/3p4JA
Yemen Huthi Kämpfer
تصویر: Hani Mohammed/AP Photo/picture-alliance

یمن کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی مارٹن گرفتھس نے ایرانی دارالحکومت تہران میں وزیر خارجہ جواد ظریف سے ملاقات کی۔ اقوام متحدہ کے ایلچی اس کوشش میں ہیں کہ سن 2015 سے جاری اس لڑائی کا دور رس اوردیرپا حل تلاش کیا جا سکے۔

امریکا حوثی ملیشیا کو دہشت گرد بلیک لسٹ سے نکال دے گا

ایرانی وزیر خارجہ کا خیر مقدم

تہران میں مارٹن گرفتھس کے ساتھ ملاقات کے بعد ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کا کہنا تھا کہ ان کا ملک اس تنازعے کے مؤثر حل کے لیے اقوام متحدہ کی کوششوں کا خیرمقدم کرتا ہے۔

ظریف نے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی سے ملاقات کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یمن میں جنگ شروع کرنے کا آپشن ابتدا سے ہی ایک غلط فیصلہ تھا۔

Jemen | Luftangriff auf Sanaa 2016
یمنی مسلح تنازعہ کو رواں برس چھ سال مکمل ہو رہے ہیںتصویر: Hani Mohammed/AP Photo/picture-alliance

مارٹن گرفتھس کی رابطہ کاری

اقوام متحدہ کے ایلچی یمن تنازعے کے پرامن حل کے لیے ایران کے دو روزہ دورہ  پر ہیں۔ وہ اتوار کو ایران پہنچے تھے۔ اس تنازعے کو چھ برس مکمل ہونے والے ہیں اور ملک قحط سالی کا شکار ہو چکا ہے۔ یمن کا صحت کا نظام ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔

امریکا نے یمن پر سعودی حملوں کی حمایت روک دی

 گرفتھس کے دورے کے حوالے سے ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ کا کہنا ہے کہ توقع کی جاتی ہے کہ خصوصی سفیر کی کوششوں سے یمن میں جاری انسانی المیے کا خاتمہ ہوگا۔

جنگ بندی کے لیے گرفتھس پلان

اقوام متحدہ کے ایلچی نے تہران میں وزیر خارجہ جواد ظریف کے سامنے امن کوششوں کے حوالے سے اپنے منصوبے کی تفصیلات پیش کی ہیں۔

اقوام متحدہ کے خصوصی مندوب مارٹن گرفتھس
اقوام متحدہ کے خصوصی مندوب مارٹن گرفتھستصویر: Denis Balibouse/Reuters

اس پلان میں فوری طور پر فائر بندی، بیس ملین سے زائد یمنی باشندوں کے لیے انسانی امداد، متحارب گروپوں کے درمیان بات چیت اور تمام سیاسی گروپوں کی شمولیت سے انتخابات کا انعقاد شامل ہیں۔

اسی دوران ایرانی وزارت خارجہ نے امریکی حکومت کی طرف سے حوثی ملیشیا کو دہشت گرد تنظیموں کی فہرست سے خارج کرنے کے فیصلے کو درست سمت میں ایک قدم قرار دیا ہے۔

ع ح، ش ج (ڈی پی اے)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں