1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یوایس اوپن: مرے، شارا پوا، اسٹوزر اور کلائسٹرز اگلے مرحلے میں

28 اگست 2012

رواں برس کا آخری گرینڈ سلیم یو ایس اوپن پیر سے نیویارک میں شروع ہوگیا ہے۔ پہلے روز اینڈی مرے، ماریا شارا پوا، سمانتھا اسٹوزر اور کِم کلائسٹرز نے اپنے اپنے میچ جیت کر اگلے مرحلے تک رسائی حاصل کر لی ہے۔

https://p.dw.com/p/15xiK
تصویر: AP

سابق ٹینس چیمپئن ماریا شارا پوا نے پیر کو پہلے مرحلے میں ہنگری کی میلنڈا سِنک کو چھ دو، چھ دو سے شکست دے کر اگلے مرحلے تک رسائی حاصل کی ہے۔

انہوں نے سِنک کے خلاف یہ مقابلہ 67 منٹ میں جیتا۔ روس کی شاراپوا نے 2006ء میں یہ ٹائٹل جیتا تھا۔ رواں برس وہ تھرڈ سیڈ ہیں۔ پچیس سالہ شاراپوا رواں برس دوسرے گرینڈ سلیم میں فتح کے لیے کوشاں ہیں۔ جون میں انہوں نے فرنچ اوپن جیتا تھا۔

Samantha Stosur
دفاعی چیمپئن سمانتھا اسٹوزرتصویر: picture alliance/Photoshot

دفاعی چیمپئن سمانتھا اسٹوزر بھی دوسرے مرحلے میں پہنچ گئی ہیں۔ انہوں نے کروشیا کی پیٹرا مارٹچ کو چھ ایک چھ ایک سے مات دی۔ اس جیت پر آسٹریلین سیونتھ سیڈ اسٹوزر کا کہنا تھا: ’’یہ بہت ہی زبردست تھا۔ پہلا دِن، پہلا میچ، یہ بہت اچھا آغاز تھا۔‘‘

اسٹوزر رواں برس آسٹریلین اوپن کے پہلے مرحلے میں ہار گئی تھیں۔ اولمپکس میں بھی شکست ان کا نصیب رہی جبکہ وہ ومبلڈن کے دوسرے مرحلے سے بھی آگے نہیں بڑھ پائی تھیں۔ تاہم یو ایس اوپن کے پہلے مرحلے میں ان کی فتح سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ اس ٹائٹل کے دفاع کی کوشش ترک کرنے پر تیار نہیں۔

کِم کلائسٹرز جواں سال امریکی کھلاڑی وکٹوریا دُوال کو چھ تین، چھ ایک سے شکست دے کر اس ٹورنامنٹ کے دوسرے مرحلے میں پہنچ گئی ہیں۔

یوایس اوپن کے پہلے مرحلے میں مردوں کے مقابلوں میں اینڈی مرے نے روس کے الیکس بوگومولو کو شکست دے کر دوسرے مرحلے میں جگہ بنائی ہے۔

مرے نے یہ مقابلہ چھ دو، چھ چار، چھ ایک سے جیتا۔ بعدازاں انہوں نے کہا کہ وہ بہت اچھے کھیل کا مظاہرہ نہیں کر پائے۔

Andy Murray nach seinem Sieg gegen Jo-Wilfried Tsonga
اینڈی مرےتصویر: Reuters

قبل ازیں اینڈی مرے نے آئندہ برس کے آسٹریلین اوپن کے حوالے سے کھلاڑیوں کی ممکنہ ہڑتال پر بھی بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑی بڑی چیمپئن شپس سے حاصل ہونے والی آمدنی میں اپنے حصے میں اضافے کے لیے متحد ہیں۔ تاہم انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ ہڑتال نہیں ہو گی۔

مرے نے کہا: ’’کون جانتا ہے کہ کیا ہونے والا ہے۔ مجھے اُمید ہے کہ ایسا نہیں ہو گا۔ یہ ہر کسی کے لیے بُرا ہوگا، یقینی طور پر۔‘‘

یو ایس اوپن کے مقابلوں کا پہلا دِن بارش کی وجہ سے متاثر بھی رہا، جس کا سلسلہ ڈھائی گھنٹے جاری رہا۔ اس کی وجہ سے دِن کے پروگرام بڑی حد تک متاثر ہونے کا خطرہ پیدا ہو گیا تھا۔ تاہم سورج جلد ہی لوٹ آیا اور مقابلے طے شدہ پروگرام کے تحت شروع ہوئے۔

ng / ab (Reuters)