1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یوایس اوپن میں فیڈرر کو شکست، ٹرافی پوترو لے گئے

15 ستمبر 2009

ٹینس میں مردوں کا یو ایس اوپن ٹورنامنٹ ارجنٹائن کے 20 سالہ ابھرتے ہوئے کھلاڑی دیل پوترو نے جیت لیا۔ فائنل میں پوترو نے اپنے اعزاز کا دفاع کرنے والےسوئٹزرلینڈ کے مایہ ناز کھلاڑی راجر فیڈرر کو شکست سے دوچار کیا۔

https://p.dw.com/p/JfHU
فائنل جیتنے والے ڈیل پوٹروٹرافی حاصل کرنے کے بعدتصویر: AP
Roger Federer
راجر فیڈرر مسلسل پانچ مرتبہ یہ ٹورنامنٹ جیت چکے ہیںتصویر: dpa

پانچ سیٹ کے اِس مقابلے میں خوآن مارٹن دیل پوترو نے فیڈرر کو تین چھ، سات چھ، چار چھ، سات چھ اور چھ دو سے ہرایا اور یوں فیڈرر کا اب تک مجموعی طور پر سولہواں گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ اور مسلسل چھٹی مرتبہ یو ایس اوپن جیتنے کا خواب ادھورا رہ گیا۔ پوترو کے تازہ تازہ کیریئر کا یہ پہلا گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ تھا، جس میں اُسے فتح نصیب ہوئی۔ اِسی طرح کسی گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچنے کا بھی اُن کے لئے یہ پہلا ہی موقع تھا۔

فیڈرر نے پوتروکے خلاف، جن کا قد ایک میٹر اور اٹھانوے سینٹی میٹر ہے، میچ کی ابتدا ہی پُرجوش کھیل کے ساتھ کی اور پہلا سیٹ صرف چالیس منٹ میں جیت لیا لیکن پھر پوترو کا پلا بھاری ہوتا گیا، یہاں تک کہ ڈیڑھ گھنٹے بعد دونوں ایک ایک سیٹ جیت چکے تھے۔ تیسرے سیٹ میں پوترو سے خود بھی چند ایک سیدھی سیدھی غلطیاں ہوئیں اور وہ فیڈرر کو پیش آنے والے مسائل سے بھی فائدہ نہ اٹھا سکے اور یوں یہ سیٹ فیڈرر کے ہاتھ رہا۔

تیسرا سیٹ ہارنے کے بعد بھی پوترو نے ہمت نہیں ہاری اور یوں سات چھ سے یہ سیٹ اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے۔ پانچویں سیٹ میں شروع ہی سے پوترو نے دباؤ بڑھا دیا اور جلد ہی تین صفر کی سبقت حاصل کر لی۔ یہ سبقت اُنہوں نے پھر ہاتھ سے جانے نہیں دی اور یوں چار گھنٹے اور چھ منٹ بعد یہ پانچواں سیٹ بھی جیت لیا اور یہ یادگار میچ بھی۔

1977ء میں یو ایس اوپن جیتنے والے گلیرمو ولاس کے بعد دیل پوترو ارجنٹائن کے پہلے کھلاڑی ہیں، جو یو ایس اوپن جیتنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ دیل پوترو آج کل عالمی درجہ بندی میں پانچویں نمبر پر ہیں اور فیڈرر کے ساتھ یہ اُن کا اب تک مجموعی طور پر ساتواں مقابلہ تھا، جس میں فیڈرر کو پہلی مرتبہ شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

رپورٹ: امجد علی

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں