1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورو دو ہزار آٹھ آسٹریا پولینڈ میچ برابر، جرمنی کے امکانات روشن

13 جون 2008

گروپ بی میں آسٹریا اور پولینڈ نے میچ ایک ایک گول سے برابر کر دیا۔ اب جرمنی کےکواٹرفائنل میں جانے کے امکانات مزید روش ہو گئے ہیں۔ جرمنی اب اگر اپنا آسٹریا کے ساتھ گروپ میچ برابر بھی کر لیتا ہے تو کافی ہے ۔

https://p.dw.com/p/EJ3q
پولینڈ اور آسٹریا کامیچ ویانا میں کھیلا گیاتصویر: AP

جمعرات کے دن گروپ بی میں پولینڈ اور آسٹریا کے مابین میچ برابر ہونے سے جرمنی کے شائقین کے حوصلے بلند ہو گئے ہیں۔ کیونکہ جرمنی کروشیا سے ہار گیا تھا۔

فٹ بال کی یورپی چیمپئین شپ میں ابھی تک گروپوں کی سطح کے میچ کھیلے جارہے ہیں جن کا پہلا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے۔ گروپ اے کی چار ٹیموں میں سے پرتگال اپنے اب تک کھیلے گئے دونوں میچ جیت کر قبل از وقت ہی کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کر چکا ہےجبکہ سوئٹزرلینڈ کی ٹیم کا ان مقابلوں سے باہر ہوجانا قبل از وقت ہی طے ہو چکا ہے۔

EURO 2008 Deutschland Kroatien Frankfurt Fans
جرمن فٹ بال شائقین کروشیا سے شکست کے بعد بھی پر امید ہیںتصویر: AP

جمعرات کی رات گروپ بی کے جو دو میچ کھیلے گئے ان میں جرمنی کا مقابلہ کروشیا سے اورآسٹریا کا مقابلہ پولینڈ سے تھا۔ پولینڈ اورآسٹریا کا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا مگر جرمنی اور کروشیا کے درمیان مقابلے میں غیر متوقع طور پر کامیابی کروشیا کو ملی اور ایک بڑے اپ سیٹ کے اختتام پر جرمن ٹیم کروشیا سے ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہار گئی۔

گروپ بی سے محض دو میچ کھیلنے کے بعد کروشیا کی ٹیم کی چیمپئین شپ کے کوارٹر فائنل تک رسائی یقینی ہو گئی ہے جبکہ اپنے دو میچوں میں سے ایک ہار جانے کے بعد جرمنی ابھی بھی اپنے گروپ میں دوسرے نمبر پر ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ دو دومیچ کھیلنے کے بعد آسٹریا اور پولینڈ ابھی تک صرف ایک ایک پوائنٹ حاصل کر پائے ہیں۔

EURO 2008 Deutschland Kroatien Joachim Löw Klagenfurt
جرمن کوچ Joachim Löwتصویر: picture alliance/dpa

جرمن ٹیم کی ناکامی کے بعد جرمن کوچ Joachim Löw نے کہا کہ کروشیا کی ٹیم واضح طور پر بہتر ٹیم تھی جس کے کھلاڑیوں نے بہت عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور موقع ملنے پر بر وقت گول بھی کئے۔ یوآخم Löw نے کہا کہ پیر کے روزآسٹریا کے خلاف اپنےآخری گروپ میچ میں جرمن ٹیم کو یہ ثابت کرنا ہوگا کہ وہ کن صلاحیتوں کی مالک ہے۔ جرمن کوچ Löw کے بقول ماضی میں بھی جرمن ٹیم نے اپنی ناکامیوں سے ہمیشہ سبق سیکھا ہے اور جرمن ٹیم ان مقابلوں میں اپنی پوری طاقت سے واپس آئے گی۔

یورو کپ 2008 کے گروپ سی کے جمعہ کی رات سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے مقابلوں میں اٹلی کا مقابلہ زیورچ میں رومانیہ سے ہوگا جبکہ بیرن میں ہالینڈ کی ٹیم فرانس کے مد مقابل ہو گی۔