1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورو ٹنل :آگ پر قابو پا لیا گیا

12 ستمبر 2008

فرانسیسی حکام کے مطابق برطانیہ اور فرانس کے درمیان زیرسمندر ریلوے سرنگ میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے، مگر برطانیہ اور براعظم یورپ کے مرکزی حصے کے مابین ریلوے رابطہ اب تک بحال نہیں ہو پایا ہے۔

https://p.dw.com/p/FHAc
تصویر: AP

حکام کا ماننا ہے کہ یہ آگ یورو ٹنل میں سے گزرنے والی مال گاڑی پر لدے ہوئےایک ٹرک میں لگی جو پھیل گئی۔ جب تک آگ کے شعلوں کاپتہ چلا اس وقت تک ٹرین تقریبا گیارہ کلومیٹر کا فاصلہ طے کر چکی تھے اور سرنگ کے اس سرے کے قریب تھی جو فرانس کی طرف ہے۔ مال گاڑی پر موجود 32 افراد کو فوری طور پر سرنگ سے باہر نکال لیا گیا تھا۔

اس واقعے میں کوئی جانی نقصان تو نہیں ہوا البتہ چودہ افراد کو ابتدائی طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کرنا پڑ گیا تھا۔

اس واقعے کی وجہ سے برطانیہ اور یورپ کے درمیان ٹرین سروس ابھی تک معطل ہےمگر امدادی کارکنوں اور ماہرین نے توقع ظاہر کی ہے کہ یہ ریل رابطے آج جمعے کی رات تک کسی حد تک بحال ہو سکیں گے۔

پیرس میں ایک حکومتی افسر کے مطابق آگ پر قابو پا لیا گیا ہے اور اب درجہ حرارت میں کمی کے لئے کوشش کی جا رہی ہے ۔ اس آگ کی وجہ سے سرنگ میں درجہ حرارت تقریبا 1000 سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا۔

یورو ٹننل ایک ایسی کمپنی ہےجو اس سرنگ کو قابل استعمال رکھنے اور وہاں سے گزرنے والی ریل گاڑیوں کی ٹریفک کی ذمہ دار ہے۔ اس کمپنی کا بھی کہنا ہے کہ معطل شدہ ریل سروس بہت جلد بحال کر دی جائے گی۔ فی الحال ماہرین سرنگ میں لگنے والی آگ کے انتہائی درجہ حرارت کے ممکنہ تکنیکی نقصانات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ فوری طور پر اگر یورو ٹنل کو برطانیہ اور فرانس کے مابین دوبارہ ریل سروس کے لئے کھولا گیا تو بھی شروع میں اس کی دو سرنگوں میں سے ایک ہی ٹنل کو ٹریفک کے لئے کھولا جائے گا۔