1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورو کپ دو ہزار آٹھ: جرمنی اور کرو ایشیا کوارٹر فائنل میں

17 جون 2008

گزشتہ روز کے ایک اہم میچ میں جرمنی کی ٹیم نے میزبان ملک آسٹریا کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے دی ہے۔ایک دوسرے میچ میں کرو ایشیا کی ٹیم نے پولینڈ کو ہرا دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/EKpo
جرمن ٹیم کے کپتان میشائل بالاک نے آسٹریا کے خلاف میچ کا واحد گول کیاتصویر: AP

ایک طرف جرمنی یورو کپ کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا ہے تو دوسری طرف گزشتہ روز کے میچ نے میزبان ملک آسٹریا کو ٹورنامنٹ سے خارج کر دیا ہے۔ یقیناً یہ خبر آسٹریا کے لاکھوں فٹ بال شائقین کے لیے سخت صدمے کا باعث ہوگی۔ دوسری جانب جرمنی میں اس فتح کے بعد جشن کا سماں ہے۔


جرمنی کی ٹیم کی طرف سے واحد گول کپتان میشائل بالاک نے کیا۔ بالاک کا کہنا ہے کہ جرمنی کی ٹیم کوارٹر فائنل میں پرتگال کی ٹیم کے خلاف میچ جیتنے کے لیے پر عزم ہے۔ بالاک کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم پرتگال کے کھیل سے اچھی طرح واقف ہے اور یہ سن دوہزار چھ کے عالمی کپ میں جرمنی اور پرتگال کے میچ جیسا ہی ایک میچ ہوگا ۔ جرمن کپتان کا کہنا ہے کہ گو کہ پرتگال کی ٹیم خاصی مضبوط ہے مگر جرمنی کے جیتنے کے بھی خاصے امکانات ہیں۔ کھیل کے بعض مبصرین کی رائے میں جرمنی کی ٹیم گروپ میچوں میں کامیابوں کے باوجود پوری طرح مضبوط دکھائی نہیں دے رہی ہے اور پرتگال سے جیتنے کے لیے اس کو غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔


گزشتہ روز کھیلے جانے والے ایک دوسرے میچ میں کرو ایشیا کی ٹیم نے پولینڈ کو ہرا دیا ہے۔ اس طرح پولینڈ کی ٹیم بھی ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی ہے۔ کرو ایشیا کی ٹیم اپنے گروپ میں سب سے اوپر ہے اور یہ ٹورنا منٹ کی ایک مضبوط ٹیم بن کر ابھری ہے۔ میچ کا واحد گول کرو ایشیا کے اسٹرائکر ایوان کلاسنچ نے کیا۔ یاد رہے کہ کلاسنچ کو گزشتہ برس زندگی بچانے کے لیے دو گردوں کا ٹرانسپلانٹ کرانا پڑا تھا۔ کلاسنچ نے میچ میں فتح کے بعد کہا کہ یہ میچ ان کی فٹ بال کی دوسری زندگی ہے اور انہیں خوشی ہے کہ ان کے گول کی وجہ سے کر و ایشیا کی ٹیم میچ جیت سکی۔