1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپی بییڈمنٹن چیمپیئن شپ، ڈنمارک فاتح

19 اپریل 2010

بیڈمنٹن کا شمار ان کھیلوں میں ہوتا ہے جن میں سٹیمنا، مہارت اور چابکدستی کا بیک وقت استمال کیا جاتا ہے۔ یورپی چیمپیئن شپ برطانوی شہر مانچسٹر میں کھیلی گئی۔ یہ انفرادی مقابلوں کی چیمپیئن شپ تھی۔

https://p.dw.com/p/Mzmv
تصویر: dpa

یورپی بیڈمنٹن چیمپیئن شپ کے انفرادی مقابلوں کا سلسلہ اب اپنی منزل کوپہنچ گیا ہے۔ اس چیمپیئن شپ کی میزبانی برطانوی شہر مانچسٹر کو حاصل تھی۔ گزشتہ سال برطانیہ کے شہر لیورپول میں یورپی ملکوں کی ٹیم چیمپیئن شپ کا انعقاد کیا گیا تھا۔ یورپ اورعالمی سطح پر ڈنمارک حقیقت میں بیڈمنٹن کا پاور ہاؤس تصور کیا جاتا ہے۔ دو دہائیاں قبل تک عالمی مقابلوں میں تو ڈنمارک کا اِس کھیل میں راج تھا، بعد میں انڈونیشیا اور پھر چین نے اب عالمی سطح پر اپنی اجارہ داری قائم کرلی ہے۔ یورپ کے اندر اب بھی ڈنمارک کی حکمرانی اس کھیل پر قائم ہے۔

ڈنمارک کے لیجنڈری کھلاڑی پیٹر گاڈے نے فائنل میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسلسل پانچویں بار اپنے اعزاز کا شاندار دفاع کیا۔ اُن کا فائنل میں مقابلہ اپنے ہم وطن ژورگنسن سے ہوا۔

فائنل مقابلوں میں پانچ میں سے چار میچوں میں ڈنمارک کے کھلاڑی طلائی تمغہ جیتنے میں کامیاب رہے۔ ڈنمارک کے کھلاڑی صرف مکسڈ ڈبلز کے فائنل میں طلائی تمغہ جیتنے میں ناکام رہے۔

Huaiwen Xu bei der Badminton Weltmeisterschaft in Tokio Japan 2006
جرمنی کی چینی نژاد کھلاڑی ژو ہوائیوین: فائل فوٹوتصویر: picture-alliance/dpa

پیٹر گاڈے نے چیمپیئن شپ کے ہفتہ کے روز کھیلے گئے سیمی فائنل میں جرمنی کے مارک شوئیبلرکوایک زور دار مقابلے کے بعد ہرایا تھا۔ گاڈے کی مہارت کا اعتراف میچ کے بعد جرمن کھلاڑی نے بھی کیا۔ پیٹر گاڈے پانچویں بار مسلسل گولڈ میڈل جیتنے میں کامیاب رہے ہیں۔ سیمی فائنل میں ہارنے والے جرمن کھلاڑی شوئیبلر نے کانسی کا تمغہ جیتا اور انہیں یورپی درجہ بندی میں تیسری پوزیشن حاصل ہے۔

ماہرین کا اتفاق ہے کہ پیٹرگاڈے کے پانچویں بار یورپی چیمپیئن بننے کا اعزاز ایک ناقابل شکست ریکارڈ ہو سکتا ہے کیونکہ مستقبل میں اس ریکارڈ کو توڑنے کے لئے کئی سال درکار ہوں گے۔

اسی طرح ایک جرمن خاتون کھلاڑی ژولیا نے شینک بھی فائنل تک پہنچنے میں کامیاب رہیں، لیکن فائنل میں ان کو ڈنمارک کی عالمی شہرت کی کھلاڑی ٹیینے راسموسن کا سامنا تھا۔ ٹینے راسموسن نے فائنل جیتنے کے علاوہ خواتین کے ڈبلز میں بھی طلائی تمغہ جیتا ہے۔ ٹینے واحد یورپی کھلاڑی ہیں جو چینی کھلاڑیوں کے لئے بھی چیلنج کی حثیت رکھتی ہیں۔

یورپی چیمپیئن شپ کا خواتین کا فائنل میچ خاصا دلچسپ اور سنسنی خیز تھا۔ جرمن خاتون نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسرا سیٹ جیت کر میچ برابر کردیا تاہم وہ تیسرا سیٹ نہ جیت سکیں۔ شینک نے ہفتہ کو سیمی فائنل میں ایک فرانسیسی کھلاڑی پی ہوگیاں کو سیدھے سیٹ میں ہرایا۔ ژولیانے شینک زوردار کھیل کی وجہ سے یورپ میں شہرت رکھتی ہیں۔ وہ یورپی جونیئر چیمپیئن بھی رہ چکی ہیں اور سابقہ یورپی چیمپیئن شپ میں کانسی کا میڈل جیتنے میں کامیاب رہی تھیں۔

Olympia Peking Ägypten Badminton Hosny Hadia
بیڈمنٹن کورٹ کا ایک منظرتصویر: AP

بیڈمنٹن کی یورپی چیمپیئن شپ کی تاریخ سن 1968ء سے شروع ہو تی ہے اور تب پہلی بار جرمن شہر بوخم ( اُس وقت کے مغربی جرمنی) کو میزبانی کا حق حاصل ہوا تھا۔ جرمنی میں اسی کھیل کی چیمپیئن شپ سن 1982ء میں ایک دوسرے شہر بؤیبلنگن میں کھیلی گئی تھی۔ یورپ اور عالمی سطح پر جرمنی اس کھیل کی ترویج میں پیش پیش رہا ہے۔

جرمنی ہر دور میں بیڈمنٹن کے مشہور کھلاڑیوں کا ملک رہا ہے۔ سن 1968ء کی پہلی یورپی چیمپیئن شپ میں جرمن خاتون ارمگارٹ لاٹس نے پہلی پوزیشن کے ساتھ طلائی تمغہ حاصل کیا تھا۔ سن 1972میں جرمنی کے مرد کھلاڑی وولف گانگ بوخاؤ نے گولڈ میڈل حاصل کیا تھا۔ سن 2008 میں چینی نژاد جرمن خاتون ژو ہوائیوین نے چیمپیئن شپ میں پہلا مقام حاصل کیا تھا۔

اب تک کھیلے گئے یورپی چیمپیئن شپ مقابلوں میں جرمنی کو چھ طلائی، نو چاندی اور بائیس کانسی کے تمغے حاصل ہو چکے ہیں۔ جرمنی کی مجموعی طور پر تمغوں کے حصول میں چوتھی پوزیشن ہے۔ پہلے نمبر پر ڈنمارک، دوسرے پر برطانیہ، اور تیسرے پر سویڈن ہے۔

یورپی بیڈمنٹن چیمپیئن شپ کا انعقاد ’بیڈمنٹن یورپ‘ نامی تنظیم کے سپرد ہے۔ یہ یورپ کے اندر اِس کھیل کی ترویج اور نگرانی کا ذمہ دار ہے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: افسر اعوان