1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپی فیشن انڈسٹری کی دھوم

ندیم گل16 فروری 2009

دُنیا میں کہیں بھی فیش کی بات ہو،یورپ کا ذکرضرورآتا ہے۔ اس تذکرے کی وجہ بھی کوئی معمولی نہیں۔ ایک تو یورپی فیشن انڈسٹری انتہائی فعال ہے دوسرا بیشتر جدید رجحانات کا آغاز پیرس، فلورنس اورمیلان جیسے شہروں سے ہی ہوتا ہے۔

https://p.dw.com/p/GsfP
ایک فرانسیسی ماڈل نئے ملبوسات کی نمائش کے دورانتصویر: AP

یورپ کے مختلف شہروں میں فیشن سے متعلق تقریبات کا انعقاد ہوتا رہتا ہے۔ گلوبل فیشن ویک کا اہتمام بھی یورپی ملک جرمنی کے شہر ڈیوسلڈورف میں ہی ہوتا ہے۔

گلوبل فیشن ویک کا اہتمام رواں ماہ کے آغاز پر ہوا۔ اس فیش ویک کی خاص بات یہ ہے کہ اس کا شمار یورپ کے بڑے تجارتی فیئرز میں ہوتا ہے۔ اس مرتبہ بھی فیشن ویک میں مشرقی یورپ سے لے کر مشرق بعید تک، دُنیا بھر سےفیشن انڈسٹری سےتعلق رکھنے والے افراد نے حصہ لیا۔ وہ سب اس نمائش سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کرنا چاہتے تھے۔ نمائش میں حصہ لینے والی ایک خاتون نے ڈوئچے ویلے سے گفتگو میں کہا: "ہم پہلی مرتبہ گلوبل فیشن ویک میں آئے ہیں۔ ہم یہاں اپنی مصنوعات پیش کر رہے ہیں تاکہ کچھ نئے خریدار ڈھونڈ سکیں۔ اس طرح ہمارے برانڈ اور بھی مقبول ہوں گے۔"

Fashion Week Berlin 2009
فیشن ویک کا ایک اور رنگا رنگ منظرتصویر: picture-alliance/ dpa

نمائش میں لگائے گئے اسٹالوں کا دورہ کرنے والوں میں زیادہ تعداد لڑکیوں کی تھی۔ ملبوسات اور زیورات کے اسٹالز ان کی توجہ کا خصوصی مرکز تھے۔ ڈوئچے ویلے سے گفتگو میں بعض لڑکیوں نے اپنی ایکسائٹمنٹ کچھ یوں ظاہر کی: "میرا خیال ہے کہ ایسی نمائشیں ہوتی رہنی چاہئیں۔ یہاں دیکھنے کو بہت کچھ ہے۔ سب سے بڑی بات تو یہ ہے کہ اس طرح آئندہ سیزن میں فیشن کے ٹرینڈز کا اندازہ ہوتا ہے۔ "

"میں لاریسا ہوں، میری عمر 18 سال ہے اور ڈیوسلڈورف میں ہی رہتی ہوں۔ میں اپنی دوست کے ساتھ یہاں آئی ہوں۔ مجھے یہاں بہت سی چیزیں اچھی لگیں۔ میں نے یہ بھی سوچ لیا ہے کہ آنے والے دنوں میں، میں کیا کیا خرید سکتی ہوں۔ ابھی میں نے اپنی بہن کے لئے کچھ خریدا ہے اور اپنے لئے بھی ایک نیکلس لے لیا ہے۔"

"یہاں لڑکیاں تو زیادہ ہیں ہی، زیادہ اچھا ہوتا اگر لڑکے بھی آتے۔ اس طرح وہ جان سکتے کہ لڑکیوں کو کیا کیا پسند آتا ہے۔"

Fashion Week Berlin 2009
فیشن ویک کے دوران ماڈلزتصویر: picture-alliance/ dpa

گلوبل فیشن ویک تین روز تک جاری رہا۔ یورپی فیشن مارکیٹ سے متعلق سیمینار اور ورکشاپس بھی فیشن ویک کا خصوصی حصہ تھیں۔ اس دوران یہاں منعقد کئے جانے والے فیشن شوز میں اور اسٹالز پر ملبوسات اور زیورات کے نئے نئے ڈیزائنز کی نمائئش تو کی ہی گئی، اس کے ساتھ ہر وہ چیز نمائش کے لئے رکھی گئی جس کا تعلق فیشن کی دُنیا سے ہے۔ نمائش میں آنے والے لوگوں نے فیشن تھیٹر، کیٹ واک کیفے اور فیشن گیلری میں خاص طور پر دلچسپی ظاہر کی۔ تاہم یہاں آنے والے فیشن ڈیزائننگ کے طلبا و طالبات کی دلچسپی کچھ الگ تھی۔ وہ یہاں سے کچھ سیکھ کر جانا چاہتے تھے۔ انہوں نے گلوبل فیشن ویک کو ایک بہترین تعلیمی موقع بھی قرار دیا: "میرا خیال ہے کہ ایسی نمائشیں ہوتی رہنی چاہئیں۔ یہاں دیکھنے کو بہت کچھ ہے۔ سب سے بڑی بات تو یہ ہے کہ اس طرح آئندہ سیزن کے فیشن ٹرینڈز کا پتا چلتا ہے۔"

اس فیش ویک کا اہتمام ڈیوسلڈروف میں ہی کیوں کیا جاتا ہے؟ اس سوال کا جواب خاصا دلچسپ ہے۔ جرمنی کا یہ شہر یورپ کی بڑی تجارتی مارکیٹوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ یورپی یونین کی 35 فیصد آبادی اسی شہر کے 500 کلومیٹر کے رداس میں رہتی ہے۔ ڈیوسلڈورف ایگزیبیشن سینٹر دُنیا کا پانچواں بڑا نمائشی مرکز ہے اور یورپ کے کسی بھی علاقے سے اس شہر تک رسائی انتہائی آسان ہے۔