1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپی یونین سربراہ اجلاس میں اہم فیصلے

24 جون 2011

یورپی یونین کے برسلز شہر میں منعقدہ دو روزہ سربراہی اجلاس میں یورپی لیڈران میں کئی اہم معاملات پراتفاق رائے پایا گیا ہے۔ اس مناسبت سے یہ سمٹ انتہائی مثبت قرار دی جا رہی ہے۔

https://p.dw.com/p/11iyQ
تصویر: dapd

یورپی یونین کے لیڈران نے اس فرانسیسی تجویز سے اتفاق کیا کہ مستقبل کی فلسطینی ریاست کی تعمیر کے لیے ایک ڈونر کانفرنس کا اہتمام کیا جائے۔ اگلے ماہ جولائی میں منعقد ہونے والی اس ڈونر کانفرنس کا میزبان شہر پیرس ہو گا۔ یورپی یونین کی سمٹ کے مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یورپی لیڈروں نے تجویز کیا ہے کہ خارجہ امور کی چیف کیتھرین ایشٹن مشرق وسطیٰ میں تعطلی کے شکار مذاکراتی عمل کو دوبارہ شروع کرنے کے حوالے سے اپنا کردار ادا کریں۔ یورپی یونین نے امریکی صدر کی سن 1967 کی سرحدوں کے حوالے سے بات چیت شروع کرنے کی تجویز کا خیر مقدم کیا ہے۔

EU Kroatien EU-Gipfel hat den Weg für einen Kroatien Beitritt 2013 frei gemacht Herman Van Rompuy und Jadranka Kosor
یورپی یونین کے صدر اور کرو شیا کی وزیر اعظم سمٹ کے دورانتصویر: dapd

اسی سمٹ میں یورپی یونین کے رہنماؤں نے اسی ماہ کے اختتام تک کروشیا کی یونین میں شمولیت کے حوالے سے مذاکرات مکمل کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ اس طرح کروشیا کے لیے یورپی یونین کے دروازے کھلنے کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ اگر معاملات میں کوئی رکاوٹ نہ پیدا ہوئی تو بلقان خطے کی یہ ریاست امکاناً پہلی جولائی سن 2013 میں یونین میں باضابطہ شامل ہو جائے گی۔ فرانس اور بعض دوسرے ممبران کی جانب سے پیش کردہ تجویز پر کروشیا کے یونین میں شمولیت کے معاملات کی نگرانی کے لیے ایک مانیٹرنگ نظام بھی فعال کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

یونان کے سنگین مالی بحران سے نمٹنے کے لیے یورپی یونین کے رہنماؤں نے ایتھنز حکومت کے لیے مزید مالی امداد پر بھی اتفاق کیا۔ اس مناسبت سے یونین کی جانب سے کڑی شرائط پہلے سے ترتیب دے دی گئی ہیں۔ یورپی لیڈران، یونان کے لیے بارہ بلین یورو کے خطیر امدادی پیکیج پر متفق ہو گئے ہیں۔ بچتی پالیسیوں کی منظوری پاپاندریو حکومت نے اس ماہ کی اٹھائیس تاریخ کو پارلیمنٹ سے حاصل کرنی ہے۔ ان پالیسیوں کے حوالے سے سوشلسٹ پارٹی کے لیڈر اور وزیر اعظم جارج پاپاندریو سردست پارلیمنٹ سے منظوری میں اراکین کی مخالفت کا سامنا کر رہے ہیں۔ پارلیمنٹ سے منظوری کے بعد ہی تین جولائی کو پچھلے بیل آؤٹ پیکج کی اگلی قسط جاری کی جائے گی۔

EU-Gipfel in Brüssel
جرمن چانسلر یورپی یونین کے سربراہ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئےتصویر: dapd

برسلز منعقدہ سمٹ ہی میں یورپی یونین کے رہنماؤں نے یورپی مرکزی بینک (ECB) کے نئے صدر کے لیے اٹلی کے ماریو دراگی (Mario Draghi) کے نام کی توثیق کر دی ہے۔ اطالوی بینکار اور اکانومسٹ دراگی اپنا عہدہ اکتوبر میں سنبھالیں گے۔ دراگی کا عہدہ سنبھالنے کے بعد یورپی سینٹرل بینک کے چھ رکنی بورڈ میں فرانس کی نمائندگی ختم ہو جائے گی اور اٹلی سے تعلق رکھنے والے ممبران کی تعداد دو ہو جائے گی۔ فرانس سے تعلق رکھنے والے ژان کلود تریشے (Jean-Claude Trichet) اکتوبر میں اس عہدے سے سبکدوش ہو جائیں گے۔ دراگی کی یورپی پارلیمنٹ نے پچھلی جمعرات کو توثیق کی تھی۔

رپورٹ: عابد حسین ⁄ خبر رساں ادارے

ادارت: امجد علی

ü

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں