1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپی یونین کی روم کے تاريخی حصے پومپے ميں آثار قديمہ کے تحفظ کے ليے امداد

27 اکتوبر 2011

روم کے تاريخی حصے پومپے ميں موجود آثار قديمہ کے تحفظ اور تزئين و آرائش کے ليے يورپی يونين ايک سو پانچ ملين يورو فراہم کرے گی۔ یہ بات يورپی کمشنر یوہانس ہان نے بدھ کے روز روم ميں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

https://p.dw.com/p/130Ig
تصویر: picture-alliance/dpa

ہان کا کہنا تھا کہ يورپی يونين اس منصوبے کی مسلسل نگرانی کرے گی۔ اس منصوبے کی تکميل ميں کم از کم چار سال لگ سکتے ہيں اور اس دوران ان تاريخی آثار قديمہ، جن ميں سے کئی کی ديواريں موسمياتی تغير کے باعث زمین بوس ہو چکی ہيں، کی تزئين و آرائش کو ترجيحی بنيادوں پر مکمل کيا جائے گا۔

Italien - Pompeji und Vesuv
روم کے تاريخی شہر پومپے ميں موجود آثار قديمہ کے تحفظ اور تزئين و آرائش کے ليے يورپی يونين ايک سو پانچ ملين يورو فراہم کرے گی۔تصویر: dpa

اٹلی کے دارالحکومت روم کا یہ تاريخی علاقہ پومپے کسی زمانے ميں خوشحال تصور کيا جاتا تھا، تاہم 79ء میں ایک آتش فشاں پہاڑ سے نکلنے والے لاوے کی زد ميں آنے کے باعث یہ شہر مکمل طور پر تباہ ہو گيا۔ اس سانحے ميں ہزاروں افراد کی ہلاکت ہوئی اور یہ شہر لگ بھگ چھ ميٹر تک زمين کے اندر دھنس گيا۔ بعد ميں اس شہر کی دريافت کے بعد سے اسے دنيا کی مشہور آثار قديمہ مقام کا درجہ حاصل ہے اور 1997ء ميں يونيسکو کی جانب سے اسے عالمی ثقافتی ورثے کا درجہ بھی دیا گیا ہے۔

اٹلی کے علاقائی امور کے وزير Raffaele Fitto نے اس حوالے سے بتايا کہ پومپے شہر کے اس منصوبے کے ليے يورپی يونين کی جانب سے جاری کيے گئے فنڈز يورو پلان کا حصہ ہيں جس کے تحت تاريخی اور ثقافتی مقامات کے تحفظ کے ليے ايک بلين يورو مختص کيے گئے ہيں۔

اٹلی ميں شديد بارشوں اور طوفان کے باعث اس تاريخی شہر کی ايک قديم عمارت گزشتہ ہفتے کے روز زمين بوس ہو گئی تھی اور تب فوری طور پر روم کے اس تاريخی ورثے کے حامل شہر کو محفوظ بنانے اور تزئين و آرائش کی ضرورت کو محسوس کيا گيا۔

گزشتہ برس بھی مشہور گلیڈیئٹر ہاؤس اور ايک قديم ديوار کی تباہی پر عالمی سطح پر غم و غصہ پايا گيا تھا۔

رپورٹ: شاہد افراز خان

ادارت: حماد کيانی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید