1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپ عرب ممالک کا ساتھ دے، جرمن صدر

27 فروری 2011

جرمن صدر کرسٹیان وولف نے یورپی ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ عرب دنیا میں سیاسی تبدیلی کے لیے مزید معاون ثابت ہوتے ہوئے ’ہمت‘ کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے یہ بیان اپنے تین روزہ دورہ کویت اور قطر کے پہلے دن دیا۔

https://p.dw.com/p/10Q7w
جرمن وفاقی صدر کرسٹیان وولفتصویر: picture-alliance/dpa

خلیجی ممالک کے دورے کے پہلے دن کویت پہنچنے پر جرمن صدر کرسٹیان وولف نے یورپی ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ عرب ممالک میں جمہوریت کے حامی عوام کا ساتھ دینے کے لیے اپنی کوششوں میں مزید تیزی لائیں۔ اس موقع پر انہوں نے بالخصوص یورپی یونین کے رکن ممالک سے یہ اپیل بھی کی کہ ایسے لوگوں کی مدد کے لیے آگے بڑھیں، جو پائیدار جمہوریت کے قیام کے لیےسڑکوں پر نکلے ہیں۔

جرمن صدرکرسٹیان وولف نے کہا کہ عرب ممالک میں مستقل جمہوریت کے نتیجے میں علاقائی سطح پر استحکام آئے گا۔ انہوں نے اس مقصد کے لیے جرمن حکومت کے بھر پور تعاون کا یقین بھی دلایا۔ کرسٹیان وولف نے کہا،’ یورپ کو یہ کوشش ضرور کرنی چاہیے کہ وہ عرب ممالک میں ایک مثبت تبدیلی کے لیے نہ صرف عملی اقدامات اٹھائے بلکہ ساتھ ہی تعمیری تجاویز بھی پیش کرے۔‘

Muammar al-Gaddafi Libyen Rede Ansprache Buch
معمر قذافیتصویر: Libya State Television via APTN/AP/dapd

ہفتے کے دن جرمن صدر نے کویت میں عراقی حملے کے بعد آزادی کی 20 سالہ خصوصی تقریبات میں شرکت بھی کی، جس کے بعد انہوں نے کویت کے امیر شیخ صبا الاحمد الجبار کے علاوہ دیگر ملکی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔

جرمن صدر کرسٹیان وولف گلف ممالک کا دورہ ایک ایسے وقت میں کر رہے ہیں، جب مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقی ممالک میں آمرانہ طرز حکمرانی کے خلاف عوام اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔ اپنے اس دورے سے قبل لیبیا کے رہنما معمر قذافی پر تبصرہ کرتے ہوئے وولف نے انتہائی سخت الفاظ کا استعمال کرتے ہوئے، قذافی کو ’نفسیاتی مریض‘ قرار دیا تھا۔

جرمن صدراور ان کی اہلیہ دورہ کویت کے بعد ہفتے کے دن ہی قطر پہنچ گئے تھے۔ جرمن صدر کے ہمراہ جرمن تاجروں کا ایک وفد بھی شامل ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ سیاسی معاملات پر گفتگو کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے مابین اقتصادی سطح پر بھی کئی اہم معاہدوں کو حتمی شکل دی جائےگی۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں