1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپ کی انتہائی مطلوب مجرم خواتین

18 اکتوبر 2019

یورپی پولیس نے انتہائی مطلوب مجرم خواتین کے خلاف ایک نئی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ خواتین قتل، منشیات، انسانوں کی اسمگلنگ اور بچوں کے استحصال جیسے جرائم میں ملوث ہیں۔

https://p.dw.com/p/3RWmj
Europol Webiste zu den meistgesuchten Frauen an
تصویر: picture-alliance/ANP/R. de Waal

یورپی پولیس نے جمعہ اٹھارہ اکتوبر کو ایسی مجرم خواتین کے ناموں کا اعلان کیا ہے، جو مختلف یورپی ممالک میں سنگین جرائم میں ملوث ہونے کے باعث انتہائی مطلوب ہیں۔ ان جرائم پیشہ خواتین کو گرفتار کرنے کی ایک نئی مہم شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

یورپی پولیس نے اس مہم کا نام تجویز کیا ہے "Crime Has No Gender" بعنی جرم کی کوئی جنس نہیں ہوتی۔ یورپی یونین نے ایسے اکیس انتہائی مطوب مجرموں کی فہرست جاری کی ہے جو مختلف یورپی یونین کی رکن ریاستوں کو مطلوب ہیں۔ اس فہرست میں اٹھارہ خواتین شامل ہیں۔ یہ تمام مجرم کئی سنگین جرائم کا ارتکاب کر چکے ہیں۔

یوروپول کی جاری کردہ خطرناک مجرموں کی فہرست میں ایک مجرمہ کروشیا کی زورکا روجچ ہیں، وہ منشیات اور انسانوں کی اسمگلنگ میں ملوث ہیں۔ ایک اور خاتون کا تعلق نائجیریا سے ہے اور اس کا نام جیسیکا ایڈسوموان ہے۔ اس خاتون نے ساٹھ خواتین کو اسمگل کر کے فرانس پہنچایا اور انہیں جبری جسم فروشی پر مجبور بھی کیا۔

Deutschland Freiburg Urteil im Staufener Missbrauchsfall
یہ خواتین قتل، منشیات، انسانوں کی اسمگلنگ اور بچوں کے استحصال جیسے جرائم میں ملوث ہیںتصویر: picture-alliance/dpa/P. Seeger

اس طرح ایک پولستانی مجرمہ بھی مفرور ہے، اس کا نام دوروتا کازمیرسکا ہے۔ یہ سن 2008 میں ہونے والی قتل کی واردات میں شریک تھی اور عدالت نے اسے پچیس برس قید کی سزا سنائی تھی۔ کازمیرسکا اپنی سزا کے شروع ہونے سے قبل ہی مفرور ہو گئی تھی۔

یوروپول کی خاتون ترجمان ٹینی ہولیوؤٹ کا کہنا ہے کہ یہ تاثر عام ہے کہ خواتین سنگین جرائم میں ملوث نہیں ہوتیں، لیکن حقیقت یہ ہے کہ جو فہرست جاری کی گئی ہے، اُن میں سنگین جرائم میں ملوث خواتین بھی ہیں اور اُن جرائم کی شدت بھی مردوں کے مقابلے کی ہے۔ یوروپول کی ویب سائٹ پر ان انتہائی مطوب مجرموں کی تفصیل جاری کر دی گئی ہے۔ اس تفصیل کے ساتھ اُن کی تصاویر بھی شائع کی گئی ہیں۔

Deutschland Prozess um Mord mit Kreissäge in Haar im Landkreis München
حالیہ برسوں میں خواتین کے منظم جرائم میں ملوث ہونے کی شرح میں نمایاں اضافہ ہوا ہےتصویر: picture alliance/dpa/M. Balk

یوروپول نے ان مجرموں کے بارے میں تفصیل فراہم کرنے والے کی شناخت کو مخفی رکھنے کا وعدہ بھی کیا ہے۔ کوئی اطلاع ویب سائٹ پر بھی بغیر کسی شناخت کے لکھی جا سکتی ہے یا متعلقہ تفتیش کار کو مطلع کیا جا سکتا ہے تا کہ مفرور مجرم کے خلاف بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

یوروپول نے اس تناظر میں واضح کیا ہے کہ مختلف ریسرچ کے ذریعے محققین نے اس کو تسلیم کیا ہے کہ  جنس کی تفریق کے بغیر کوئی (مرد یا عورت) کسی بھی نوعیت کے جرم میں ملوث ہو سکتا یا سکتی ہے۔ یوروپول کے مطابق ایسے تمام تحقیقی جائزوں میں متاثرہ فرد کی جنس پر زیادہ زور دیا گیا ہے۔ ایسا تاثر بھی ہے کہ خواتین سنگین جرائم میں ملوث نہیں ہو سکتیں، لیکن یہ بات غلط ہے اور حالیہ برسوں میں خواتین کے منظم جرائم میں ملوث ہونے کی شرح میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

شین مشیل زینیکو (عابد حسین)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں