1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یوسف رضا گیلانی کا سیاسی سفر

23 مارچ 2008

صوبہ پنجاب کے جنوبی شہر مدینہ اولیا ءملتان شریف سے منتخب ہونے والے یوسف رضا گیلانی اس علاقے سے پاکستان کے پہلے وزیر اعظم ہوں گے ۔

https://p.dw.com/p/DYDP

یوسف رضا گیلانی 9 جون سن 1952میں ملتان کے ایک جاگیر دار گھرانے میں پیدا ہوئے ۔ اگر چہ ان کے بزرگ پہلے سے سیاست میں اہم مقام رکھتے تھے لیکن یوسف رضا گیلانی نے اپنے سیاسی سفر کا آغاز سن1978میں کیا ۔ابتدا ء میں یوسف رضا گیلانی مسلم لیگ کی سینٹرل کمیٹی کے رکن منتخب ہوئے۔ سن1982میں انہیں وفاقی کونسل کا رکن بنا دیا گیا۔

اپنے سیاسی سفر کے آغاز پر ہی انہوں نے ضلع کونسل کے انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور منجھے ہوئے سیاست دان سید فخر امام شکست دے کر چیر مین ضلع کونسل ملتان بن گئے ۔

سن 1985میں جنرل ضیاءالحق کے دور میں غیر جماعتی انتخابات میں قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور وزیر اعظم محمد خان جونیجو کی کابینہ میں وزیر برائے ہاﺅسنگ و تعمیرات اور پھر ریلوے کے وزیر بنائے گئے ۔

سن 1988میں جب بے نظیر بھٹو وطن واپس آئیں اور پاکستان پیپلز پارٹی کی نئے سرے سے بنیاد رکھی گئی تو یوسف رضا گیلانی اپنی مرضی سے پیپلز پارٹی میں شامل ہو گئے ۔ اسی برس ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں وہ ایک مرتبہ پھر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے اور دوبارہ ہاﺅسنگ و تعمیرات کے وزیر بنے ۔

سن1990میں تیسری مرتبہ قومی اسمبلی کے رکن بنے اور پھر سن1993کے عام انتخابات میں چوتھی مرتبہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے ۔ بے نظیر بھٹو کے اس دوسرے دور اقتدار میں یوسف رضا گیلانی کو اسپیکر قومی اسمبلی بنایا گیا اور اسی دوران انہوں نے قائم مقام صدر کی ذمہ داری بھی نبھائی ۔

یوسف رضا گیلانی کو سن 1997میں پہلی مرتبہ قومی اسمبلی کے انتخابات میں شکست ہوئی ۔ تاہم سن1998میں انہوں پاکستان پیپلز پارٹی کا وائس چیر مین نامزد کر دیا گیا۔

یوسف رضا گیلانی سن2008کے انتخابات میں پانچویں مرتبہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے ۔ اگرچہ ابتدا ءمیں کوئی امید نہیں کر رہا تھا کہ یوسف رضا گیلانی وزیر اعظم کے عہدے کے لئے نامز کئے جائےں گے لیکن اس وقت انہیں نہ صرف اس عپدے کے لئے نامزد کر دیا گیا ہے بلکہ تمام اتحادی سیاسی جماعتوں نے انہیں قبول بھی کر لیا ہے ۔