1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یونانی حکومت اعتماد کا ووٹ لینے میں کامیاب

22 جون 2011

یونانی حکومت اعتماد کا ووٹ لینے میں کامیاب ہو گئی ہے۔ یوں اس نے دیوالیہ پن سے بچنے کے لیے نئی مالی امداد کے حصول کی راہ میں حائل پہلی رکاوٹ عبور کر لی ہے۔

https://p.dw.com/p/11gzr
تصویر: AP

اعتماد کے ووٹ کے لیے یونانی پارلیمنٹ میں ووٹنگ منگل کو رات گئے ہوئی۔ تین سو رکنی پارلیمنٹ میں نصف سے زائد ارکان نے وزیر اعظم جارج پاپاندریو کی سوشلسٹ حکومت کی حمایت کی۔ ایک سو پچپن ارکان نے حکومت کی حمایت میں ووٹ ڈالے جب کہ ایک سو تینتالیس نے مخالفت میں۔

یورپی کمیشن کے سربراہ Jose Manuel Barroso نے ایتھنز حکومت کی اس کامیابی کو یونان اور یورپی یونین کے لیے اچھی خبر قرار دیا ہے۔

پاپاندریو نے پارلیمنٹ سے خطاب میں کہا: ’’آج کا ووٹ یونانی عوام کے ساتھ ایک معاہدہ ہے۔‘‘

انہوں نے مزید کہا: ’’یہ مشکل کام ہے، لیکن یہ ایک نئے یونان کو جنم دے سکتا ہے۔‘‘

اس کامیابی سے ایتھنز حکومت کو اصلاحات کا عمل شروع کرنے میں سہولت ہو گی، جس سے یونان کی مالی امداد مشروط ہے۔

بچت پروگرام کے حوالے سے یونانی وزیر اعظم جارج پاپاندریو کو عوامی دباؤ کا سامنا ہے۔ انہوں نے اپنی کابینہ میں گزشتہ ہفتے تبدیلیاں کی تھیں۔

جارج پاپاندریو نے اتوار کو اپنے عوام پر زور دیا تھا کہ وہ بچت پروگرام کی حمایت کریں تاکہ دیوالیہ پن سے بچا جا سکے۔ انہوں نے اتوار کو پارلیمنٹ سے خطاب میں اپنے عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ ٹیکسوں میں اضافے، اخراجات میں کٹوتیوں اور نجکاری کے منصوبوں کو تسلیم کر لیں۔

یونانی دارالحکومت ایتھنز میں حکومت کے بچتی پروگرام اور نجکاری کے خلاف زبردست عوامی احتجاج کیا جا رہا ہے۔

Griechenland Parlament Sparhaushalt Finanzkrise
یونان کے وزیر اعظم جارج پاپاندریوتصویر: AP

جارج پاپاندریو نے کہا کہ ان کا ملک دیوالیہ ہوا اور اسے یورو زون سے نکلنا پڑا تو عوام، بینکوں اور ملک کی ساکھ پر اس کے تباہ کن اثرات مرتب ہوں گے۔

یونانی حکام کا کہنا ہے کہ یورپی یونین اور آئی ایم ایف نے جولائی کے وسط تک ہنگامی قرضے کی قسط کے طور پر بارہ ارب یورو سے زائد کی رقم نہ دی تو ان کا ملک دیوالیہ ہو جائے گا۔

یورو زون کے وزرائے خزانہ قبل ازیں یونان کے لیے ہنگامی قرضے کی توسیع کا فیصلہ مؤخر کر چکے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ایتھنز حکام کو پہلے سخت بچت پروگرام متعارف کروانا ہو گا۔

رپورٹ: ندیم گِل/ خبر رساں ادارے

ادارت: شامل شمس

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں