1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یونانی حکومت مہاجر کیمپوں میں رہائش بہتر بنائے گی

صائمہ حیدر18 اگست 2016

ایک یونانی سرکاری عہدیدار کا کہنا ہے کہ ان کی حکومت نے مہاجر کیمپوں میں گنجائش سے زائد افراد نہ رکھنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ سرکاری عہدیدار کے مطابق ایسا پناہ گزینوں کے کیمپوں میں رہائش کے مسائل کم کرنے کے لیے کیا جائے گا۔

https://p.dw.com/p/1JkqF
Griechenland Lesbos Flüchtlinge an Zaun / Protest vor Rückführung in Türkei
یونان کے پانچ جزائر پر دس ہزار سات سو سے زائد مہاجرین کو رکھا جا رہا ہےتصویر: Reuters/G. Moutafis

یونان کے ایک سرکاری عہدیدار کے مطابق ایسا اس لیے کیا جا رہا ہے تاکہ پناہ گزینوں کے کیمپوں میں رش کے باعث بڑھتے ہوئے مسائل کو کم کیا جا سکے اور رہائشی حالات کو بہتر بنایا جا سکے۔ یونان کے پانچ جزائر پر دس ہزار سات سو سے زائد مہاجرین کو رکھا جا رہا ہے جبکہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان جزائر پر صرف سات ہزار چار سو پچاس افراد کے رہنے کی گنجائش ہے۔ خیراتی ادارے ’سیو دی چلڈرن‘ کے مطابق،’’یہ پناہ گزین غیر صحت بخش اور غیر محفوظ حالات میں رہ رہے ہیں، جن کا اختتام ہوتا نظر نہیں آتا۔‘‘ یونانی حکومت اب ایک ساتھ کئی نئی عمارتیں بنانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ جزائر اور دیگر عارضی کیمپوں میں رہائش پذیر مہاجرین کو ان نئی عمارتوں میں منتقل کیا جائے گا اور ہرعمارت میں ایک ہزار افراد کی گنجائش ہو گی۔

Griechenland Lesbos Flüchtlinge hinter Zaun
سیاسی پناہ کی درخواستوں پر سست روی سے عمل در آمد بھی کیمپوں میں سکونت پذیر مہاجرین میں مایوسی کے بڑھنے کا سبب ہےتصویر: Reuters/A. Konstantinidis

سرکاری اہلکار کے مطابق سیاسی پناہ کی درخواستوں پر سست روی سے عمل در آمد بھی کیمپوں میں سکونت پذیر مہاجرین میں مایوسی کے بڑھنے کا سبب ہے۔ انہوں نے مزید کہا،’’ہمیں جزائر پر قائم مہاجر کیمپوں میں شدید مسائل کا سامنا ہے۔ یہ پناہ گزین یورپ پہنچنے کے اپنے خواب کی تعبیر کے بہت قریب پہنچ چکے تھے لیکن انہیں یہ تعبیر مل نہ سکی۔‘‘ یونانی سرکاری عہدیدار کا کہنا تھا کہ پناہ کی درخواستوں پر عمل درآمد تیز تر کیا جا رہا ہے۔ مزید یہ کہ تارکین وطن کو فراہم کی جانے والی نئی رہائشی سہولیات زیادہ بہتر ہوں گی۔