1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یونان میں ایک اور عارضی مہاجرکیمپ کا صفایا

عاطف توقیر اے ایف پی
23 مئی 2017

یونان میں ماضی کے اولمپکس اسٹیڈیم کو بہ طور عارضی مہاجر کیمپ استعمال کرنے والے سینکڑوں تارکین وطن کو مختلف دیگر مراکز میں منتقل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

https://p.dw.com/p/2dS0M
Griechenland Athen Zentrum für unbegleitete Flüchtlingskinder
تصویر: picture-alliance/AP Photo/T. Stavrakis

ایتھنز میں قائم اس اسٹیڈیم میں سینکڑوں تارکین وطن موجود ہیں اور یہاں مقیم مہاجرین کو حفظانِ صحت کے متعدد مسائل کا سامنا ہے۔ یونانی حکومت کی کوشش ہے کہ یہاں موجود تارکین وطن کو رجسٹر کر کے مہاجرین کے منظم مراکز میں منتقل کیا جائے۔

منگل 23 مئی کو یونانی وزارت برائے مہاجرت نے بتایا کہ ایتھنز کے نواحی علاقے میں قائم اس اسٹیڈیم سے تارکین وطن کو دیگر مراکز میں منتقل کرنے کا کام جاری ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے یونانی وزارت مہاجرت کے ایک ذریعے کے حوالے سے بتایا ہے، ’’ہم آج وہاں مہاجرین کو رجسٹر کرنے کا کام شروع کر چکے ہیں اور انہیں باقاعدہ طور پر مطلع کر دیا گیا ہے کہ انہیں حکومت کے زیرانتظام باقاعدہ مہاجرین مراکز میں منتقل کیا جائے گا۔‘‘

Griechenland Flüchtlinge auf dem Viktoria Platz
گزشتہ برس مارچ سے ہزاروں مہاجرین یونان میں پھنسے ہوئے ہیںتصویر: Reuters/A. Konstantinidis

ہیلیکن کے اس عارضی مہاجرین کیمپ میں قریب سات سو افغان مہاجرین مقیم ہیں۔ یہ جگہ سن 2001ء تک ایتھنز کے ہوائی اڈے کے طور پر استعمال کی جاتی رہی، جب کہ سن 2004ء کے ایتھنز اولمپکس کے لیے یہاں اسٹیڈیم قائم کیا گیا، جہاں کھیلوں کے مختلف مقابلوں کا انعقاد ہوا۔

ایتھنز کے ساحلی علاقے میں قائم اس عارضی مہاجر کیمپ کے حوالے سے انسانی حقوق کی تنظیمیں یونانی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتی رہی ہیں۔ ان تنظیموں کا کہنا تھا کہ یہاں مقیم مہاجرین کی حالت دگرگوں ہے اور انہیں حفظان صحت کے متعدد مسائل کے علاوہ معیار زندگی سے متعلق کئی طرح کے چیلنجز درپیش ہیں۔ ان تنظیموں کا مطالبہ تھا کہ یہاں موجود مہاجرین کو منظم مہاجر کیمپوں میں منتقل کیا جائے۔

رواں برس فروری میں اسی مہاجر کیمپ میں پانی اور مناسب خوراک کی عدم دستیابی پر متعدد تارکین وطن نے بھوک ہڑتال بھی شروع کر دی تھی۔

وزارت مہاجرت کے ذرائع کے مطابق یہاں مقیم مہاجرین کی دیگر مراکز میں متنقلی کا عمل بتدریج ہو گا، تاہم اس کے لیے کوئی وقت معین نہیں کیا گیا ہے۔