1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یونان کےمالی بحران پر برسلز میں یورپی سمٹ

11 فروری 2010

یورپی رہنما یونان کی ابتر معاشی صورتحال پر برسلز میں تبادلہ ء خیال کر رہے ہیں۔ یورپی یونین کے صدر ہیرمان فان رومپوئے نے جمعرات کو کہا ہےکہ یونانی ریاست نے زبردست بجٹ خسارے کے باوجود یورپ سے مالی مدد کی درخواست نہیں کی۔

https://p.dw.com/p/Lyvf
یورپی رہنما برسلز میںتصویر: AP

یونان کی خراب اقتصادی صورتحال نے یورو زون میں شامل ملکوں کو پریشانی میں مبتلا کردیا ہے۔ تاہم یورو زون والے ملکوں نے اس امر کا اعادہ کیا ہے کہ وہ یوروکرنسی کی قدر میں استحکام اور اس کی ساکھ کے بارے میں بین الاقوامی خدشات کو دور کرنے کے لئے تمام ضروری اقدامات کریں گے۔ ان خدشات کی وجہ یونانی ریاست کا وہ بجٹ خسارہ ہے، جس سے ملکی مالیاتی منڈیاں عدم استحکام کی شکار ہوگئی ہیں۔

EU Gipfel in Brüssel ### Achtung, nicht für CMS-Flash-Galerien! ###
یورپی مرکزی بینک کے صدرژاں کلود ترِیشے، یورپی کمیشن کے صدر باروسو، جرمن چانسلر انگیلا میرکل، یونانی وزیر اعظم جارج پاپاندریو اور فرانسیسی صدر نکولا سارکوزیتصویر: AP

یونانی ریاست کی مالی دشواریوں پر تبادلہء خیال کرنے کے لئے یورپی یونین میں شامل ملکوں کے رہنما برسلز میں جمع ہیں۔ برسلز منعقدہ غیر رسمی سمٹ سے قبل ایسی قیاس آرائیاں زوروں پر تھیں کہ یورپی یونین یونان کو ملک کے سالانہ بجٹ میں خسارے سے نمٹنے کے لئے ایتھنز حکومت کی مالی امداد کرے گی۔ تاہم یورپی یونین کے نئے صدر ہیرمان فان رومپوئے نے سمٹ شروع ہونے سے کچھ ہی دیر قبل واضح طور پر کہا کہ یونان نے اس سلسلے میں یورپ سے مدد کی کوئی اپیل نہیں کی۔ رومپوئے نے یونانی حکومت کی طرف سے بجٹ خسارے سے نمٹنے کے لئے کئے جانے والے تمام ممکنہ اقدامات کی حمایت کی۔’’یورپی یونین یونان کی طرف سے سن 2010 اورآنے والے برسوں میں مالی استحکام کے لئے مقررہ اہداف کو پورا کرنے کے حوالے سے جاری کوششوں کی بھرپور حمایت کرتی ہے۔‘‘ انہوں نے برسلز میں صحافیوں کے ساتھ بات چیت میں مزید بتایا:’’یورو زون کے رکن ملک ایک ساتھ مل کر ایسی جامع حکمت عملی مرتب کریں گے، جس کا مقصد پورے یورو زون میں یورو کرنسی کا استحکام ہوگا۔‘‘

Athen Flughafen Streik
ہڑتال کے باعث یونانی دارالحکومت ایتھنز میں متعدد پروازیں منسوخ کرنا پڑیںتصویر: AP

اس وقت یونان کے ریاستی بجٹ میں خسارہ 12.7فیصد ہے، جو یورو زون کے مالیاتی قواعد و ضوابط سے چار گنا زیادہ ہے۔ اس یورپی ملک کی اقتصادی حالت اس قدر خراب ہے کہ اس پر 300 ارب یورو کا قرضہ ہے۔ یونانی معیشت کی اسی خستہ حالی سے یورپی یونین بے حد پریشان ہے۔

یورپی یونین کے صدر رومپوئے نے یورپی کمیشن کے صدر باروسو، یورپی مرکزی بینک کے سربراہ ژاں کلود ترِیشے اور یورپی یونین کے موجودہ صدر ملک سپین کے وزیر اعظم لوئس روڈریگیز ساپاتیرو کے ساتھ یونان کے سنگین اقتصادی بحران پر علٰیحدہ ملاقاتوں میں صلاح و مشورہ بھی کیا ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے جرمن چانسلر انگیلا میرکل، فرانسیسی صدر نکولا سارکوزی اور یونانی وزیر اعظم جارج پاپاندریو سے بھی ملاقاتیں کیں۔ جرمن چانسلر میرکل نے کہا کہ یونان یورپی یونین کا اہم حصہ ہے اور اسے تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔’’یونان یورپی یونین کا حصہ ہے، ہم اسے اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔ لیکن قوانین اور قواعد اس لئے ہوتے ہیں کہ اُن کا احترام بھی کرنا پڑتا ہے۔‘‘

یونانی حکومت نے بجٹ خسارے سے نمٹنے کے لئے بڑے پیمانے پر سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں کٹوتی، پینشن میں کمی اور ٹیکس قواعد پر نظر ثانی کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے، جس کے خلاف پبلک سیکٹر کے کارکنوں نے کل بدھ کو ملک گیر ہڑتال بھی کی تھی۔ اس فقید المثال ہڑتال کے باعث کل یونانی دارالحکومت ایتھنز میں متعدد پروازیں منسوخ کرنا پڑیں، بیشتر سرکاری دفاتر اور تعلیمی ادارے بند رہے جبکہ ہسپتالوں میں صرف ہنگامی یا ایمرجنسی سروسز ہی بحال رہیں۔

رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید