1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یوہانیس ہیسٹرز: 107 سال کی عمر میں بھی اسٹیج پر

7 دسمبر 2010

20 ویں صدی کی تیسری دہائی کے میوزیکلز میں اپنے فن کا مظاہرہ کرنے والے اداکار اور گلوکار یوہانیس ہیسٹرز نے اتوار پانچ دسمبر کو اپنی 107 ویں سالگرہ منائی۔ وہ دُنیا کے بزرگ ترین فعال فنکار ہیں۔

https://p.dw.com/p/QRbT
بزرگ فنکار ہیسٹرز : فائل فوٹوتصویر: picture alliance/dpa

اُن کی آواز میں شکستگی نمایاں ہے اور اُن کی بصارت بھی بہت محدود ہو چکی ہے لیکن اِس عمر میں بھی وہ اسٹیج پر فن کا مظاہرہ ترک نہیں کرنا چاہتے۔ آج منگل سات دسمبر کو وہ ایک بار پھر اسٹیج پر اپنے فن کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ اپنی61 سالہ اداکارہ بیوی سمون ریتھل ہیسٹرز کے ہمراہ وہ اسٹیج پر دلچسپ قصے بیان کرتے ہیں، لطیفے سناتے ہیں اور وہ گیت گاتے ہیں، جو خود اُنہوں نے ہی 30ء کے عشرے کے میوزیکل ڈراموں میں گائے تھے۔

یوہانیس ہیسٹرز فلموں میں بھی 50ء کے عشرے کے اواخر تک اداکاری کے جوہر دکھاتے رہے۔ اپنی 107 ویں سالگرہ اُنہوں نے خاموشی سے منائی۔ سالگرہ کے موقع پر وہ مشرقی جرمن شہر ایرفُرٹ میں اسٹیج پر اپنے فن کا مظاہرہ کرنا چاہتے تھے لیکن اب وہ ذرا تاخیر سے یعنی اپنی سالگرہ کے دو روز بعد آج منگل کو یہ اسٹیج شو کریں گے۔ ہر بار کی طرح وہ اِس بار بھی شو کا اختتام اِس جملے سے کریں گے کہ اگلے برس وہ ایک بار پھر اسٹیج پر واپس آئیں گے۔

Niederlande Deutschland Johan Heesters Auftritt in Amersfoort
یوہانیس ہیسٹرز فن کا مظاہرہ کرتے ہوئےتصویر: AP

یوہانیس ہیسٹرز بنیادی طور پر ہالینڈ سے تعلق رکھتے ہیں لیکن اُن کا قیام ہمیشہ جرمنی میں رہا ہے، جہاں وہ دوسری عالمی جنگ کے دوران بھی شو بزنس کی دُنیا سے وابستہ رہے۔ جرمنی کے ساتھ ساتھ اُنہوں نے آسٹریا میں بھی تھئیٹر پر اپنے فن کا جادو جگایا۔

حال ہی میں جرمن پریس ایجنسی ڈی پی اے سے باتیں کرتے ہوئے ہیسٹرز کا کہنا تھا کہ وہ جلد ہی ایک نئے اسٹیج شو میں کاسٹ کئے جانے کی امید کر رہے ہیں۔ اُن کی اہلیہ نے بتایا کہ اُن کا روزمرہ کا معمول اب بھی خصوصی نظم و ضبط سے عبارت ہوتا ہے اور وہ آج بھی باقاعدگی کے ساتھ ریاض کرتے ہیں۔

آسٹریا کے دارالحکومت ویانا کے جریدے کوریئر نے ہیسٹرز کے ڈاکٹر کے حوالے سے اپنی ایک رپورٹ میں لکھا ہے کہ یہ بزرگ فنکار پوری طرح سے صحت مند ہے اور کسی قسم کی ادویات استعمال نہیں کر رہا۔ اُنہیں حال ہی میں فن و ثقافت کے لئے اُن کی عمر بھر کی خدمات کے صلے میں جرمنی کا ایک مشہور اعزاز بامبی ایوارڈ دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ یہ اُن کے کیریئر کا 9 واں بامبی ایوارڈ ہو گا۔

رپورٹ: امجد علی

ادارت: عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں