1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یکم مئی، مزدوروں کا عالمی دن

کشور مصطفےٰ/امجد علی1 مئی 2009

یکم مئی کو دنیا بھر میں مزدوروں کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔ اس سال یکم مئی کو عالمی اقتصادی بحران سے متاثرہ انسانوں کے ضمن میں زیادہ اہمیت حاصل ہے۔

https://p.dw.com/p/Hi7Q
ترکی کے شہر استنبول میں بائیں بازو کے مظاہرین یکم مئی کے جلوس کے دوران پولیس کے سپاہیوں پر پتھر پھینکتے ہوئےتصویر: picture-alliance/ dpa

تقریباً ایک سو سال سے عالمی سطح پر مزدوروں اور لیبر یونینز کی جانب سے یکم مئی کو مزدورں کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔ اس بار اِس موقع پر منعقدہ سرگرمیوں پر موجودہ عالمی اقتصادی بحران کے اثرات غالب نظر آ رہے ہیں۔

یکم مئی کو روایتی طور پر اشتراکیت کی طرف جھکاؤ والی ریاستوں میں زیادہ تقریبات اور مظاہروں کا انعقاد ہوتا ہے۔ اس بار میکسیکو میں سوائن فلو کی مہلک وبا، اِس سے ہونے والی ہلاکتوں اور اس کے سبب پائی جانی والی خوف و ہراس کی فضا کی وجہ سے یکم مئی کی تقریبات کا انعقاد نہیں ہوا۔ وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لئے وہاں اجتماعات پر ویسے بھی پابندی ہے۔

یہاں جرمنی میں یکم مئی کو قانونی طور پر چھٹی کے دن کی حیثیت حاصل ہے اور اس روز کام کرنے والوں کو دگنی اجرت دی جاتی ہے۔

Maikrawalle in Berlin Demonstranten entzünden Mülltonnen
برلن میں مظاہرین کوڑے کے کنٹینرز کو آگ لگاتے ہوئےتصویر: AP

دارالحکومت برلن میں گزشتہ شب ایک اسٹریٹ فیسٹیول کے دوران چند تشدد پسند مظاہرین نے پولیس پرپتھراؤ کیا اور بوتلیں پھینکیں جبکہ ایک ٹرام اسٹیشن پر بھی توڑ پھوڑ کے اور کچرے کے کینٹینرز کو آگ لگانے کے واقعات پیش آئے۔ پولیس اور مظاہرین کے مابین جھڑپوں میں 29 پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوئے ۔ برلن میں پولیس کے 5000 اضافی اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔

برلن سے پاکستان جرمن فورم کے جنرل سیکریٹری سرمد حسین نے بتایا کہ اِس سال وہاں جرمن لیبر یونین کی طرف سے بڑے اور پُر امن مظاہرے بھی منظم کئے جا رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ اِس سال اِس روز کے مظاہرے اِس وجہ سے زیادہ اہمیت کے حامل ہیں کیونکہ اِس سال نہ صرف وفاقی جرمن پارلیمان بلکہ یورپی پارلیمان کے بھی انتخابات منعقد ہو رہے ہیں۔ سرمد حسین کا کہنا تھا کہ عالمگیر معاشی بحران کے اثرات اور بڑے پیمانے پر روزگار کے مواقع ختم کئے جانے کی وجہ سے بھی مزدوروں کا عالمی دن زیادہ اہمیت اختیار کر گیا ہے۔

BdT Taiwan Internationaler Tag der Arbeit
تائیوان کے دارالحکومت تائی پے میں ہزارہا مزدور یکم مئی کے مظاہرے میں شریکتصویر: AP

برلن میں ہر سال یکم مئی کو پُر تشدد مظاہروں کی روایت ہے اور آنے والی شب پولیس اور مظاہرین کے درمیان گذشتہ چند برسوں کے شدید ترین ہنگاموں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ادھر شہر ہمبرگ میں بھی یکم مئی کے بڑے مظاہرے منعقد ہوئے۔ وہاں بھی پولیس کو چوکنا کر دیا گیا ہے۔ چند ناخوشگوار واقعات کی بھی اطلاعات ہیں۔

ترکی کے میٹروپولیٹن شہر استنبول میں یکم مئی کے موقع پر مظاہرین اور پولیس کا تصادم ہوا۔ متعدد مظاہرین کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ انقرہ پارلیمان نے 30 سال بعد یکم مئی کو سرکاری چھٹی کے دن کے طور پر منانے کی اجازت دی ہے۔ روس میں دولاکھ افراد نے یکم مئی کے مظاہروں میں حصہ لیا۔