1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یہودی بستیوں کی تعمیر رکوانا مذاکرات کی شرط نہیں۔ امریکہ

1 نومبر 2009

اس سے قبل امریکی انتظامیہ، اسرائیل پر مغربی کنارے اور مشرقی یروشلم میں یہودی آبادکاری کا سلسلہ مکمل طور پر روکنے کا مطالبہ کرتی رہی ہے لیکن گزشتہ کچھ عرصے سے اس کے رویے میں تبدیلی دیکھنے میں آرہی ہے۔

https://p.dw.com/p/KK6A
تصویر: AP Graphics

امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن اس وقت مشرقی وسطی کے دورے پر ہیں۔ انہوں نے گزشتہ روز یروشلم میں اسرائیلی وزیراعظم بین یامن نیتن یاہو سے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ہلیری کلنٹن نے جہاں غرب اردن میں یہودی بستیوں کی تعمیر محدود کرنے کے حوالے سے اسرائیلی حکومت کی پیشکش کو سراہا وہی فریقین سے جلد از جلد مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔

اس سے قبل امریکی انتظامیہ، اسرائیل پر مغربی کنارے اور مشرقی یروشلم میں یہودی آبادکاری کا سلسلہ مکمل طور پر روکنے کا مطالبہ کرتی رہی ہے لیکن گزشتہ کچھ عرصے سے اس کے رویے میں تبدیلی دیکھنے میں آرہی ہے۔

رواں سال ستمبر میں امریکی صدر باراک اوباما نے اسرائیلی وزیراعظم بین یامن نیتن یاہو اور فلسطینی انتظامیہ کے صدر محمود عباس سے ملاقات کے بعد یہودی بستیوں کی تعمیر کی مکمل بندش کے بجائے ان منصوبوں کو ابتدائی طور پر روکنے کے لئے کہا تھا

Blick auf die Siedlung Maaleh Adumim im Westjordanland
مغربی کنارے میں یہودی بستیوں کی توسیع کا ایک منظرتصویر: AP

ہفتہ کے روز اسرائیلی وزیراعظم کے ساتھ ملاقات سے قبل، امریکی وزیرخارجہ نے ابوظہبی میں محمود عباس سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر صدر عباس نے کہا کہ امن عمل کی سب سے بڑی رکاوٹ یہودی بستیوں کی تعمیرکا منصوبہ ہے۔

محمود عباس کے بقول امریکی وزیر خارجہ سے امن مذاکرات پر ہی بات ہوئی کہ کس طرح انہیں دوبارہ شروع کیا جاسکتا ہے۔ فلسطینی وزیراعظم نے یہ واضح کر دیا ہے کہ جب تک یہ تعمیر نہیں رکوائی جاتی امن عمل آگے نہیں بڑھ سکتا۔

ہلیری کلنٹن کے بقول تعمیر رکوانے کی شرط امن مذاکرات میں کبھی شامل نہیں تھی۔ انہوں نے صدر عباس کے اس مطالبےکو در کر دیا ۔ کلنٹن نے کہا کہ انہیں یہ علم ہے کہ یہودی بستیوں کی تعمیر کا مسئلہ فریقین کے لئے انتہائی اہم ہے۔

امریکی وزیر خارجہ آج اپنے اسرائیلی ہم منصب ایوگڈور لیبر من اور وزیر دفاع ایہود باراک سے ملاقاتیں کریں گی۔

رپورٹ : عدنان اسحٰق

ادارت : شادی خان سیف