1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’100 ڈالر میں دہشت گرد کے لیے بھی شناختی کارڈ‘

افسر اعوان19 اگست 2015

پاکستان میں حکام نادرا کے اہلکاروں سے جعلی شناختی کارڈ جاری کرنے کے معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ نادرا کی طرف سے دہشت گردوں اور شدت پسندوں کو محض 100 ڈالرز کے برابر رقم کے عوض شناختی کارڈ جاری کیے گئے۔

https://p.dw.com/p/1GHwd
تصویر: NADRA

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے سرکاری دستاویزات کے حوالے سے لکھا ہے کہ پاکستانی انٹیلیجنس ایجنسی آئی ایس آئی نے دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن کے دوران نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (NADRA) میں اس مبینہ دھوکا دہی کے معاملے کا پتہ چلایا۔ آئی ایس آئی کی دستاویزات کے مطابق، ’’اس بات کا پتہ چلایا گیا ہے کہ نادرا حکام شر پسندوں اور دہشت گردوں کو جعلی شناختی کارڈ کے حصول میں مدد کرنے میں ملوث ہیں۔‘‘

ان دستاویزات کے مطابق 2009ء میں نیویارک کے سب وے نظام پر حملے کے منصوبے کے حوالے سے امریکا کو مطلوب اور القاعدہ کا سینیئر رہنما عدنان الشکری جمعہ بھی ان لوگوں میں شامل تھا جس نے حکام کو رشوت دے کر پاکستانی شناختی کارڈ حاصل کیا۔ سعودی عرب میں پیدا ہونے والے شُکری جمعہ نے کچھ وقت امریکا میں بھی گزارا تھا۔ تاہم القاعدہ کا یہ رہنما دسمبر 2014ء میں جنوبی وزیرستان میں ہونے والے فوجی آپریشن کے دوران ہلاک ہو گیا تھا۔ پاکستان نے ایک دہائی تک جاری رہنے والے بم دھماکوں اور دہشت گردانہ حملوں کے بعد گزشتہ برس ملک بھر میں دہشت گردوں اور شدت پسندوں کے خلاف ایک آپریشن شروع کیا تھا۔

پاکستان نے گزشتہ برس ملک بھر میں دہشت گردوں اور شدت پسندوں کے خلاف ایک آپریشن شروع کیا تھا
پاکستان نے گزشتہ برس ملک بھر میں دہشت گردوں اور شدت پسندوں کے خلاف ایک آپریشن شروع کیا تھاتصویر: picture-alliance/AP

آئی ایس آئی کی تحقیق کے مطابق ان تین ازبک باشندوں کے پاس بھی پاکستانی شناختی کاغذات تھے جنہیں قطر میں ایک بینک لوٹنے پر گرفتار کر لیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ کئی درجن چینی اور مالدیپ کے شہریوں کو بھی پاکستانی شناختی کارڈ جاری کیا گیا اور اس کے بدلے نادرا حکام نے 10 ہزار سے 20 ہزار روپے تک رشوت وصول کی۔ یہ رقم 100 سے 200 امریکی ڈالرز کے برابر بنتی ہے۔

انٹیلیجنس تحقیقات کے مطابق نادرا کے قریب 40 اہلکار کراچی میں جعلی شناختی کارڈ جاری کرنے میں ملوث تھے جن میں فوج کا ایک ریٹائرڈ بریگیڈیئر اور ایک ریٹائرڈ کرنل بھی شامل ہیں۔

پاکستان کے ایک اور تفتیشی ادارے ایف آئی اے کی اپنی تحقیقات کے مطابق بھی 50 ہزار سے زائد قومی شناختی کارڈز غیر قانونی تارکین وطن کو جاری کیے گئے جن میں سے زیادہ تر افغان ہیں۔