1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

2011ء: بابلز برگ فلم اسٹوڈیوز کے 100 سال

25 دسمبر 2010

جرمن صوبے برانڈن برگ کے دارالحکومت پوٹسڈام نے آئندہ سال اپنے مشہورِ زمانہ بابلز برگ فلم اسٹوڈیوز کے قیام کے ایک سو سال پورے ہونے پر ’فلم کا سال‘ منانے کا اعلان کیا ہے۔ اِس مناسبت سے تقریباً 130 تقریبات منعقد ہوں گی۔

https://p.dw.com/p/zpNX
تصویر: dpa Zentralbild

چھوٹا سا خوبصورت شہر پوٹسڈام دارالحکومت برلن سے زیادہ دور نہیں ہے۔ یہ شہر ویسے تو اور بھی کئی حوالوں سے شہرت رکھتا ہے لیکن اِس کی ایک خصوصی وجہِ شہرت یہاں قائم بابلز برگ فلم اسٹوڈیوز ہیں، جن کا قیام 1911ء میں عمل میں آیا تھا۔ اِس طرح اگلے سال یہ ادارہ اپنی 100 ویں سالگرہ منائے گا۔

Asta Nielsen
خاموش فلموں کی اداکارہ آسٹا نیلسنتصویر: dpa

پوٹسڈام میں ’فلم کے سال‘ کے موقع پر جن تقریباً 130 تقریبات، سرگرمیوں اور اجتماعات کا پروگرام بنایا گیا ہے، اُن میں اسٹوڈیوز کے اندر اُن مقامات پر فلموں کی نمائشیں بھی شامل ہیں، جہاں درحقیقت اِن فلموں کی شوٹنگ ہوئی تھی۔ ان تقریبات میں بتایا جائے گا کہ گزرے ایک سو برسوں میں اِن اسٹوڈیوز میں کون کون سی فلمیں تیار کی گئیں اور کن کن نامور فلمی ستاروں کا یہاں آنا جانا رہا۔

یہ تقریبات مختلف اداروں کے زیر اہتمام منعقد کی جائیں گی، جن میں پوٹسڈام کا فلم میوزیم، کونراڈ وولف یونیورسٹی فار فلم اینڈ ٹیلیوژن اور فلم پارک بابلز برگ بھی شامل ہیں۔ فلم میوزیم اِس سلسلے میں ایک ایسی نمائش کی تیاریاں کر رہا ہے، جو بعد ازاں مستقل طور پر اِس عجائب گھر کا حصہ رہا کرے گی۔

ایک سو سال پہلے قائم ہونے والے بابلز برگ فلم اسٹوڈیوز میں سب سے پہلے ایک خاموش فلم تیار کی گئی تھی، جس کا ٹائیٹل "Der Totentanz" (موت کا رقص) تھا۔ اِس فلم میں مرکزی کردار اداکارہ آسٹا نیلسن نے انجام دیا تھا اور اِس فلم کی شوٹنگ بارہ فروری سن 1912ء کو شروع ہوئی تھی۔ 1921ء میں یونیورس فلم (Ufa) نے یہ اسٹوڈیوز خرید لئے۔ 1926ء میں اِنہی اسٹوڈیوز میں ہدایتکار فرٹس لانگ کی زیرِ ہدایات عالمی شہرت یافتہ سائنس فکشن فلم میٹروپولس کے لئے ایک بڑا سیٹ تیار کیا گیا تھا۔

Ausstellung Metropolis
ہدایتکار فرٹس لانگ کی زیرِ ہدایات عالمی شہرت یافتہ سائنس فکشن فلم میٹروپولس کا ایک منظرتصویر: Cinémathèque française

1933ء کے بعد نازی سوشلسٹ دور میں اِن اسٹوڈیوز میں ایک ہزار سے زیادہ فلمیں تیار ہوئیں، جن میں کئی ایک فلمیں نازی پراپیگنڈہ پر مشتمل تھیں۔ دوسری عالمی جنگ کے بعد یہ علاقہ کمیونسٹ مشرقی جرمنی کے حصے میں آیا اور 1990ء میں جرمنی کے دوبارہ اتحاد تک یہاں 1200 سے زیادہ فیچر اور ٹی وی فلمیں تیار کی گئیں۔

رپورٹ: امجد علی / خبر رساں ادارے

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں