1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

70 لاکھ پاکستانی ذیابیطس کا شکار

13 نومبر 2010

پاکستان میں ذیابیطس کے شکار مریضوں کی تعداد ستر لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ اتنے ہی مزید لوگوں میں گلوکوز کی سطح نارمل نہیں ہے۔ یہ لوگ بھی آگے چل کر ذیابیطس کا شکار ہو سکتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/Q7r5
تصویر: AP

طبی ماہرین کے مطابق ذیابیطس کے شکار لوگوں کی بڑی تعداد کومعلوم ہی نہیں ہے کہ وہ اس سنگین مرض کا شکار ہیں۔ تازہ تحقیقات کے مطابق پاکستان میں ذیابیطس اب عمر رسیدہ یا امیر لوگوں کا ہی مرض نہیں رہا۔ عالمی ادارہء صحت کے ایک سروے کے مطابق ذیابیطس اب پاکستان کے دیہات اور پسماندہ علاقوں میں بھی تیزی سے پھیل رہی ہے۔

ڈائبیٹک ایسوسی ایشن آف پاکستان کے سیکرٹری جنرل پروفیسر اے صمد شیرا نے ڈوئچے ویلے کو بتایا کہ ذیابیطس کے اُن مریضوں کو، جن کا لبلبہ انسولین نہیں بنا سکتا، ٹائپ ون کے مریض کہا جاتا ہے۔ یہ مرض زیادہ تر کم عمر لوگوں کو لاحق ہوتا ہے۔ ایسے مریض زیادہ تر امیر ملکوں میں ہوتے ہیں جبکہ پاکستان میں ایسے مریضوں کی تعداد بہت کم ہے۔

Flash-Galerie frau macht Dehnungsuebungen
صحت مند رہنے کے لئے ورزش کو معمول بنانا طبی ماہرین کا اولین مشورہ ہےتصویر: bilderbox

ان کے مطابق ذیابیطس کے ٹائپ ٹو کے مریض وہ ہوتے ہیں، جن کا لبلبہ زیادہ انسولین نہیں بناتا۔ ناقص اور غیر متوازن غذا اور غیر سرگرم طرز زندگی کی وجہ سے اب پاکستان میں لوگ بڑی تعداد میں اس مرض کا شکار ہو رہے ہیں۔ دیگر ترقی پذیر ملکوں کی طرح پاکستان میں بھی ایسے مریضوں کی تعداد کافی زیادہ ہے۔ ان مریضوں کو بھی چند سالوں بعد انسولین کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔

ڈاکٹر صمد کے مطابق ذیابیطس کی علامات میں پیشاب کی زیادتی اور پیاس کا بار بار لگنا بھی شامل ہے۔ ان کے بقول ذیابیطس سے بچاؤ کے لئے کمپیوٹر اور ٹی وی کے سامنے بیٹھے رہنے والے لوگوں کو بھی اپنا طرز زندگی بدلنے کی ضرورت ہے۔

Kaschmir Konflikt: Flüchtlinge an der indisch-pakistanischen Grenze
طبی ماہرین کا دعویٰ ہے کہ ذبابیطس کی بیماری دیہات میں بھی پھیل رہی ہےتصویر: AP

ڈاکٹر صمد موٹاپے کا باعث بننے والی غذاؤں، کولڈ ڈرنکس، فاسٹ فوڈز، پیزا، بن برگر، بریانی اور نہاری وغیرہ کو بڑے پیمانے پر انسانوں کو تباہی سے دوچار کر دینے والے ہتھیار قرار دیتے ہیں۔ ان کے مطابق ذیابیطس کے علاج میں غفلت مریض کے دل، آنکھوں، گردوں اور جگر کو بری طرح متاثر کر سکتی ہے۔ ان کا ماننا ہے کہ متوازن غذا، باقاعدہ ورزش اور مناسب علاج کے ذریعے ہی شوگر کی پیچیدگیوں سے بچا جا سکتا ہے۔

ایک اور طبی ماہر ڈاکٹر اظہار ہاشمی نے ڈوئچے ویلے کو بتایا کہ ذیابیطس کی وجہ سے پاکستان کے غریب مریضوں کے اقتصادی بوجھ میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور پاکستان کی حکومت وسائل کی کمیابی کی وجہ سے مطلوبہ اقدامات نہیں کر پا رہی۔ ان کے مطابق اس وقت پاکستان میں ذیابیطس کے قریباً چار لاکھ مریض ایسے ہیں، جنہیں پاؤں کے حوالے سے پیدا ہو جانے والی پیچیدگیوں کے باعث فوری طبی نگہداشت کی ضرورت ہے لیکن پاکستان کے سرکاری اور غیر سرکاری شعبوں میں کوئی ایک بھی ایسا ادارہ موجود نہیں ہے، جو خاص طور پر اس حوالے سے سروس فراہم کرتا ہو۔

رپورٹ: تنویر شہزاد، لاہور

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں