1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

IMF طرز پر یورپی مالیاتی فنڈ کے قیام کی تجویز

7 مارچ 2010

یونان کی بحرانی مالی حالت کے باعث یورو کرنسی کو درپیش خطرات نے جرمن حکام کو بہت کچھ سوچنے پر مجبور کردیا ہے۔ یورپ کی اس سب سے بڑی معیشت کی جانب سے یورپی مالیاتی فنڈ کی تجویز سامنے آئی ہے۔

https://p.dw.com/p/MMOV
جرمن وزیر مالیات وولف گانگ شوئبلےتصویر: DPA

جرمن وزیر مالیات وولف گانگ شوئبلے نے ایک اخباری انٹرویو میں واشنگٹن کے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ IMF طرز پر یورپ میں EMF کے قیام کو وقت کی ضرورت قرار دیا ہے۔ یونان کو درپیش مالی بحران کے تناظر میں شوئبلے نے کہا ہے کہ مستقل میں ایسے کسی دوسرے بحران سے نمٹنے کے لئے EMF کی ضرورت ہے۔

جرمن وزیر مالیات وولف گانگ شوئبلے نے خدشہ ظاہر کیا کہ IMF سے مالی امداد لینا یورو زون کی کمزوری کو ظاہر کرے گا۔ EMF کی تجویز دینے والے شوئبلے نے واضح کیا ہے کہ اس ادارے کے قیام کا مقصد بین الاقوامی مالیاتی فنڈ سے مقابلہ کرنا ہرگز نہیں۔ ان کے بقول: ’’ ہم IMF کے حریف ادارے کی منصوبہ بندی ہرگز نہیں کررہے بلکہ یورو زون کے داخلی استحکام کے لئے اتنا ہی مؤثر اور تجربہ کار ادارہ چاہتے ہیں‘‘۔

Streik in Griechenland
یونان میں کفایت شعاری کے حکومتی منصوبوں کے خلاف مزدور اتحاد نے احتجاجی سلسلے کا اعلان کر رکھا ہےتصویر: AP

ہفتہ وار جرمن اخبار Welt am Sonntag کو دئے گئے انٹرویو میں شوئبلے نے کہا کہ یونان کے بحران کے ممکنہ اثرات پر غور کی ضرورت ہے اور اس کے حل کے لئے کسی بھی اقدام سے گریز نہیں کرنا چاہیے۔ جرمن وزیر کے مطابق وہ بہت جلد اس سلسلے میں باقاعدہ منصوبہ پیش کریں گے۔

واضح رہے کہ بین الاقوامی مالیاتی نظام پر نظر رکھنے والے ادارے IMF کا صدر دفتر واشنگٹن میں ہے اور اس میں امریکی اثر ورسوخ سب سے زیادہ سمجھا جاتا ہے۔ IMF پر کی جانے والی تنقید میں سرفہرست اس کا Structural Adjustment Program ہے جس کے تحت قرض لینے والے ملک کو اکثر نئی محصولات عائد کرنے اور قومی اثاثے بیچنے پر مجبور کیا جاتا ہے۔

جرمن وزیر نے حالیہ انٹرویو میں یورو زون کے سولہ رکن ممالک پر مالیاتی پالیسیوں کے سلسلے میں ایک دوسرے سے قریبی تعاون رکھنے پر بھی زور دیا ہے۔ ان کے بقول: ’’ہم اپنی کرنسی ’یورو‘ کو بین الاقوامی چہ مگوئیوں کا نشانہ بننے نہیں دیں گے‘‘۔ انہوں نے عندیہ دیا کہ اگر ضروری ہوا تو جرمنی کا مرکزی بینک یونانی حکومتی بانڈ خریدے گا مگر اس کی شرط یہ ہوگی کہ دیگر یورپی ممالک بھی اس عمل میں شریک ہوں اور ایتھنر حکومت کفایت شعاری کے منصوبوں کو عملی جامہ پہنائے۔

رپورٹ : شادی خان سیف

ادارت : افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں