1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

NRW کے انتخابات : حکمران اتحاد کو مات!

10 مئی 2010

جرمن چانسلر انگیلا میرکل کی جماعت سی ڈی یو کو اہم ریاستی انتخابات میں شکست کا سامنا ہے جس کا اثر وفاقی پارلیمان میں ان کے حکومتی اتحاد کی موجودہ اکثریت پر بھی پڑسکتا ہے۔

https://p.dw.com/p/NK1T
ایس پی ڈی کی خاتون رہنما Hannelore Kraftتصویر: picture-alliance/dpa

جرمنی کی سولہ ریاستوں مں سے سب سے زیادہ آبادی والی اس ریاست ’نارتھ رائن ویسٹ فیلیا‘ میں ابتدائی نتائج کے مطابق حکمران اتحاد کو اکتالیس جبکہ حزب اختلاف کی جماعتوں کو چھیالیس فیصد کے لگ بھگ ووٹ ملے ہیں۔

اگرچہ سی ڈی یو اور ایس پی ڈی مل کرحکومت تشکیل دے سکتے ہیں تاہم اسی پی ڈی کی رہنما Hannelore Kraft واضح کرچکی ہیں کہ وہ گرین پارٹی کا ساتھ دینے کو ترجیح دیں گی۔

Flash-Galerie Wappen NRW
نارتھ رائن ویسٹ فیلیا کا علامتی نشانتصویر: DW

چانسلر میرکل کی جماعت سی ڈی یو کو چونتیس اعشاریہ پانچ جبکہ ان کے اتحادی اور وزیر خارجہ گیڈو ویسٹر ویلے کی جماعت فری ڈیموکریٹک پارٹی ایف ڈی پی کو محض چھ اعشاریہ آٹھ فیصد ووٹ ملے۔ حزب اختلاف کی جماعتوں سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کو چونتیس اعشاریہ چھ اور ماحول دوست گرین پارٹی کو 12 اعشاریہ دو فیصد ووٹ ملے۔

اب تک کے نتائج کے مطابق حکمراں سی ڈی یو کی حمایت میں دس فیصد کمی واقع ہوئی۔ اس کی ایک وجہ یونان کے لئے بائیس اعشاریہ چار ارب یوروکی جرمن امداد اور دوسری ریاست میں بڑھتی بے روزگاری کو قرار دیا جارہا ہے۔

بعض مبصرین کے مطابق وفاقی جرمن حکمراں اتحاد پارلیمان میں اس امدادی پیکج کی منظوری سے قبل ہی اس کے سیاسی نقصانات سے آگاہ ضرور تھا مگر یورپی اتحادیوں کے سامنے مروت میں اسے یہ فیصلہ کرنا ہی پڑا۔ چانسلر میرکل بارہا جرمن ووٹرز کو یہ باور کراتی رہی کہ یونان کی مالی امداد مشترکہ یورپی کرنسی یورو کی قدر کو مستحکم کرنے کے لئے ضروری ہے۔

Deutschland Bundestag Finanzkrise Griechenland Angela Merkel
این آر ڈبلیو کے نتایج انگیلا میرکل کے لئے ایک دھچکا ہےتصویر: AP

یہ ریاست روایتی طور پر ایس پی ڈی کا سیاسی گڑ ہ تصور کی جاتی ہے تاہم 2005 ء کے ریاستی انتخابات کے بعد یہاں سی ڈی یو کی حکومت ہے۔ سی ڈی یو سے تعلق رکھنے والے Juergen Ruettgers نے ووٹنگ کے بعد نتائج کا حال دیکھ کر اتوار کی شام کو اپنے لئے اور اپنی جماعت کے لئے ایک کڑوی شام قرار دیا۔

گرین پارٹی کے Claudia Roth نے انتخابی نتائج کو چانسلر میرکل کے حکومتی اتحاد کے خاتمہ کا آغاز قرار دیا۔

گرین اور ایس پی ڈی کی جیت کی صورت میں مرکزی حکومت کو مجوزہ ٹیکس کٹوتی، افغان پالیسی اور صحت عامہ کی نئی پالیسی سمیت تمام معاملات پر قانون سازی میں ان کی بات بھی سننا پڑی گی۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں