1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

UEFA کپ فٹ بال: ہیمبرگ کی بریمن پر فتح

مقبول ملک1 مئی 2009

یورپی فٹ بال ایسوسی ایشنوں کی یونین کے UEFA کپ مقابلوں کے جمعرات کی رات ہونے والے ایک سیمی فائنل میچ میں شمالی جرمن شہر ہیمبرگ کی ٹیم Hamburger SV نے بریمن کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے ہرا دیا۔

https://p.dw.com/p/HhtT
واحدگول کرنے والے ہیمبرگ کے کھلاڑی تروخوفسکیتصویر: AP

شمالی جرمنی ہی کے کلب Werder Bremen کی کافی مضبوط سمجھی جانے والی ٹیم کو ہرا کر ہیمبرگ کی ٹیم نے ان مقابلوں کے فائنل تک پہنچنے کے لئے اپنے امکانات کافی بہتر بنا لئے ہیں۔

ہیمبرگ کی طرف سے اس میچ کا واحد گول پیوٹر تروخوفسکی نے کھیل کے 28 ویں منٹ میں کیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان UEFA کپ کے دو سیمی فائنل میچوں میں سے یہ پہلا مقابلہ بریمن میں ہوا جہاں ہیمبرگ کی ٹیم بریمن کے ہوم گراؤنڈ پر اس کی مہمان تھی۔

اگلے ہفتہ دوسرے سیمی فائنل میچ میں بریمن کی ٹیم اپنے ہوم ٹاؤن سے سو کلومیٹر سے بھی کم فاصلے پر Hamburger SV کی میزبانی میں کھیلے گی۔

UEFA Pokal Halbfinale Bremen Hamburg
ہیمبرگ کے کھلاڑی بریمن کے خلاف اپنی فتح پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئےتصویر: AP

شمالی جرمن سے تعلق رکھنے والی فٹ بال کی یہ دونوں بڑی ٹیمیں ایک دوسرے کے روایتی حریف کی حیثیت رکھتی ہیں، ان کے مابین کھیلے جانے والے میچ شمالی ڈربی کہلاتے ہیں اور ابھی گذشتہ ہفتہ ہی فٹ بال کے جرمن کپ مقابلوں کے ایک سیمی فائنل میں بریمن نے بھی ہیمبرگ کو ہرا دیا تھا۔

یہی دونوں ٹیمیں جرمنی میں فٹ بال کی بنڈیس لیگا کہلانے والی فیڈرل لیگ چیمپئین شپ میں بھی اس دوسرے کی حریف ہیں جہاں موجودہ سیزن میں پوائنٹس ٹیبل پر اب تک ہیمبرگ کی ٹیم پانچویں اور بریمن کی ٹیم دسویں نمبر پر ہے۔

جمعرات کی رات بریمن کے خلاف کامیابی کے بعد ہیمبرگ کے کوچ مارٹن ژول نے کہا کہ میچ کے پہلے ہاف میں ان کی ٹیم بہت اچھا کھیلی لیکن دوسرے ہاف میں بریمن نے مقابلتہ بہتر کھیل پیش کیا تاہم ہیمبرگ کے کھلاڑیوں نے انہیں کوئی گول نہیں کرنے دیا۔

امسالہ UEFA کپ مقابلوں کا فائنل 20 مئی کے روز ترکی کے شہر استنبول میں کھیلا جائے گا۔