1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’آ بیل مجھے مار‘

7 جولائی 2018

اسپین میں روایتی بیل دوڑ میں ہفتے کے روز ایک شخص کو بیل کے سینگوں نے لہولہان کر دیا، جب کہ دیگر چار افراد زخمی ہو گئے۔ بیلوں کی دوڑ کا یہ فیسٹیول ہر سال منعقد ہوتا ہے۔

https://p.dw.com/p/30zeW
Pamplona Spanien Stierhatz
تصویر: Reuters/E.Alonso

اسپین کے پامپلونا سین فیرمین فیسٹیول میں ہفتے کے روز بیلوں کے سامنے دوڑنے کا مقابلہ ہوا۔ اس دوڑ میں ایک شخص کو بیل نے اپنے سینگوں سے زخمی کر دیا، جب کہ دیگر چار افراد بھی زخمی حالت میں ہسپتال لائے گئے۔

اس ایک ہفتے طویل فیسٹیول کا آغاز جمعے کو ہوا تھا، جس میں پامپلونا کے علاقے میں شاندار آتش بازی بھی کی گئی۔ اس فیسٹیول کی بابت کہا جاتا ہے کہ یہ سات سو سال سے بھی زائد عرصے پرانا ہے۔

بُل رننگ کے شوقین ’خطرے کے کھلاڑی ‘

پامپلونا بُل ریس فیسٹیول اور جنسی حملوں کے انسداد کی ایپ

ہفتے کے روز انتہائی تنگ گلیوں میں بیلوں کے سامنے دوڑنے کے پہلے ہی مقابلے میں اب تک پانچ افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ ریڈکراس نے بتایا کہ زخمی ہونے والوں میں سے ایک شخص بیل کے سینگ لگنے سے زخمی ہوا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق گزشتہ شب ہونے والی بونداباندی کی وجہ سے پامپلونا کی گلیاں پھسلن کا شکار تھیں۔ اس دوڑ میں بیلوں نے قریب آٹھ سو اڑتالین میٹر کا فاصلہ قریب تین منٹ میں طے کیا، جب کہ اس دوران لوگ ان کے سامنے دوڑتے رہے۔

اس دوڑ میں حصہ لینے والے ایک 29 سالہ نوجوان انیگو پلازہ کے مطابق، ’’اس دوڑ کی خاص بات یہ ہے کہ آپ زخمی نہ ہو، تاکہ اگلے دن دوبارہ دوڑ میں حصہ لے سکیں۔‘‘

ان کا مزید کہنا تھا، ’’ قریب چھو سو کلوگرام کا ایک جانور جب آپ کے پیچھے دوڑ رہا ہو اور گلیوں میں ہرطرف لوگ ہی لوگ ہوں، تو ایک عجیب سی کیفیت اور خوشی کا احساس پیدا ہوتا ہے۔‘‘

واضح رہے کہ یہ فیسٹیول اسپین میں ہر برس متعدد افراد کے زخمی ہونے کا سبب بنتا ہے۔ گزشتہ برس اس فیسٹیول میں تقریباﹰ 17 ہزار لوگوں نے حصہ لیا تھا، جس میں 64 افراد زخمی ہوئے تھے۔ زخمیوں میں سے سات ایسے تھے، جو بیل کے سینگوں کی نذر ہوئے تھے۔ جانوروں کے حقوق کی تنظیمیں اس فیسٹیول پر شدید تنقید کرتی ہیں۔

ع ت / ع ب / اے ایف پی