1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آتش فشاں کے قریب رہنے والے وہاں سے منتقل ہو جائیں

صائمہ حیدر
18 جنوری 2018

دنیا بھر میں ہزاروں آتش فشاں پائے جاتے ہیں۔ ان میں سب سے زیادہ خطرناک کون سے ہیں، یہ طے کرنا ہمیشہ ذرا مشکل معاملہ رہتا ہے۔ یہ انتخاب اس بات پر منحصر ہے کہ آپ کے نزدیک ترین آتش فشاں کون سا ہے۔

https://p.dw.com/p/2r46s
Mountain Photo of the year 2017
تصویر: Sergio Tapiro Velasco/IMSPC17

ہمیں یہ بات بھی مد نظر رکھنا پڑے گی کی کون سے آتش فشاں کئی عشروں سے لاوا اگلتے چلے آ رہے ہیں۔ آپ حیران رہ جائیں گے اگر سِسلی کے مشرقی ساحل پر واقع آگ اگلتے ماؤنٹ ایٹنا کے قریب رہنے والے لوگ آپ کو بتائیں گے کہ اس خطرناک آتش فشاں کے دامن میں بھی رہا جا سکتا ہے۔ لیکن یہ طرز عمل خطرے کو ٹال نہیں سکتا۔ یہ خطرہ بالکل حقیقی ہے اور یہی بات فلپائن اور پاپوا نیوگنی کے لوگ بھی بتائیں گے۔ فلپائن میں مے آن کا آتش فشاں پہاڑ  اور پاپوا نیو گنی میں کاڈووار اس سال جنوری کے آغاز سے ہی فعال ہیں۔

یہ بھی ذہن نشین ہونا چاہیے کہ لاوے کا بہاؤ ہی زمین پر حیاتیات کے لیے سب سے بڑا خطرہ نہیں ہے۔ آتش فشاں سے خارج ہونے والے دیگر مادے خصوصاﹰ آتش فشانی راکھ زیادہ بڑے فاصلے پار کر کے دور دراز تک جا سکتی ہے اور زمینی حیات کے لیے بڑے خطرات پیدا کر سکتی ہے۔

Indonesien Vulkan Agung
تصویر: picture-alliance/AP Photo/F. Lisnawati

ماہرین برکانیات کے مطابق آتش فشاں پہاڑوں کی کئی اقسام ہیں جن میں سب سے زیادہ معروف ’سٹراٹو آتش فشاں‘، یعنی ایسے آتش فشاں جن سے خاکستر اور برکانی راکھ وقتاﹰ فوقتاﹰ لاوے کے ساتھ نکلتی رہتی ہے، ’شیلڈ آتش فشاں‘ یعنی وہ آتش فشاں جو لاوے کے مسلسل بہنے سے وجود میں آتے ہیں اور ’کالڈراز‘ یعنی ایسے آتش فشاں جن کے منہ پر لاوا پھٹنے کے باعث گڑھا یا دہانہ سا بن جاتا ہے، شامل ہیں۔ ان میں بھی زیادہ کثرت سے پائے جانے والے پہلی قسم سے تعلق رکھتے ہیں۔

ماحولیاتی سائنس دانوں کے مطابق ان آتش فشاؤں سے اربوں ٹن خاک اور دھواں فضا میں داخل ہو جاتا ہے۔ گزشتہ صدی میں فلپائن کے آتش فشاں پیناٹُوبو نے دو مرتبہ پھٹتے ہوئے اندازاً ایک ارب ٹن خاک اور مضر ذرات خارج کیے تھے۔