1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آدم خور بھارتی شیرنی کو پکڑنے کے لیے کیلوِن کلائن کا پرفیوم

11 اکتوبر 2018

بھارتی رینجرز کے دستے تیرہ انسانوں کی قاتل ایک آدم خور شیرنی کو پکڑنے کے لیے کیلوِن کلائن نامی کمپنی کا ایک پرفیوم استعمال کرنے پر غور کر رہے ہیں۔ اب تک اس شیرنی کو پکڑنے یا ہلاک کر دینے کی تمام کوششیں ناکام رہی ہیں۔

https://p.dw.com/p/36MQ2
تصویر: Getty Images/AFP/N. Seelam

بھارت کے تجارتی مرکز ممبئی سے جمعرات گیارہ اکتوبر کو ملنے والی نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق یہ خونخوار شیرنی اب تک مغربی بھارتی ریاست مہاراشٹر میں 13 افراد کی ہلاکت کا سبب بن چکی ہے اور اسے ہلاک کر دینے یا زندہ پکڑ لینے کے لیے مختلف ذرائع استعمال کرتے ہوئے ایک باقاعدہ مہم ایک ماہ قبل شروع کی گئی تھی۔

Indien Tiger
تصویر: Getty Images/AFP/STR

مہاراشٹر کے محکمہ جنگلات کے ایک اعلیٰ اہلکار اے کے مشرا نے اے ایف پی کو بتایا کہ ملکی رینجرز کے دستے اس گوشت خور جنگلی جانور کو زندہ یا مردہ حالت میں قابو کر لینے کے لیے گشتی ٹیموں، انفرا ریڈ کمیروں اور ہاتھیوں سمیت کئی طریقے استعمال کر چکے ہیں، جو سب کے سب بے سود ثابت ہوئے۔

اب لیکن اس شیرنی کو پکڑنے کے لیے کیلوِن کلائن نامی کمپنی کا تیار کردہ ایک پرفیوم استعمال کرنے کی تجویز اس لیے زیر غور ہے کہ چند ماہرین نے ریاستی محکمہ جنگلات کو بتایا تھا کہ اس شیرنی کو کیلوِن کلائن کی Obsession نامی خوشبو استعمال کرتے ہوئے دام میں لایا جا سکتا ہے۔ بھارتی حکام نے اس امکان کی وضاحت اس طرح کی کہ 2013ء میں امریکی ماہرین نے غیر متوقع طور پر دریافت کیا تھا کہ شیروں، چیتوں اور ٹائیگرز جیسے گوشت خور جنگلی جانوروں کو مردوں کے لیے بنایا گیا ’اوبسَیشن‘ نامی پرفیوم استعمال کرتے ہوئے چکمہ دے کر زیر کیا جا سکتا ہے۔

ایسا اس وجہ سے ممکن ہو سکتا ہے کہ اس پرفیوم کی تیاری میں مصنوعی طور پر بنایا گیا ویسا ہی مشک استعمال ہوتا ہے، جیسا شیروں کے جسم میں پایا جاتا ہے اور شیرنیوں کے لیے جسمانی اور جذباتی کشش کا باعث ہوتا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اَونی (مہاراشٹر کی صوبائی زبان میں ’زمین‘) نامی اس شیرنی کو پکڑنے کے لیے یہ طریقہ اس مثال کی وجہ سے بھی کامیاب ثابت ہو سکتا ہے کہ کچھ عرصہ قبل جنوبی بھارتی ریاست تامل ناڈو میں بھی ایک ٹائیگر کو پکڑنے کے لیے یہی پرفیوم استعمال کیا گیا تھا۔

بھارتی رینجرز اب اس شیرنی کی جان کے پیچھے ہیں لیکن جنگلی حیات کی حفاظت کے لیے سرگرم کارکنوں نے ملک کی اعلیٰ ترین عدالت میں ایک اپیل بھی دائر کر دی تھی کہ رینجرز کو اس شیرنی کو ہلاک کرنے سے روکا جائے۔ عدالت نے تاہم گزشتہ ماہ یہ اپیل مسترد کر دی تھی۔

مہاراشٹر کے صوبائی حکام کے مطابق اَونی نہ صرف پچھلے چند ماہ کے دوران اس ریاست میں 13 انسانوں کی موت کی وجہ بن چکی ہے بلکہ یہ شبہ بھی ہے کہ یہی شیرنی 2016ء اور 2017ء میں کم از کم چھ دیگر انسانوں کو بھی چیر پھاڑ کر کھا گئی تھی۔

م م / ع ا / اے ایف پی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں