1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو پچھاڑ دیا

25 فروری 2011

بھارتی شہر ناگپور میں جمعہ کو آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے مابین میچ کھیلا گیا۔ عالمی کپ کے اس آٹھویں میچ میں آسٹریلیا نے آسانی سے نیوزی لینڈ کو سات وکٹوں سے شکست دے دی۔

https://p.dw.com/p/10PLZ
تصویر: AP

کرکٹ کے عالمی کپ میں جمعہ کو گروپ اے میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ مد مقابل تھے۔ آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔ رکی پونٹنگ کا یہ فیصلہ صحیح ثابت ہوا اور نیوزی لینڈ کی ٹیم ابتداء سے ہی دباؤ کا شکار دکھائی دی۔ صرف 20 رنز کے مجموعی اسکور پر بریڈن میکولم 16رنز بنا کر ٹیٹ کی بالنگ کا شکار ہوئے۔ صرف بیس رنز کے اضافے کے بعد ہی دوسرے کیوی اوپنر مارٹن گپتل بھی دس رنز بنا کر پویلین لوٹ چکے تھے۔

نیوزی لینڈ کے مڈل آرڈر بیٹسمین ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہے، فرینکلن اور سٹرائس بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔67 رنز پر نیوزی لینڈ کی پانچ وکٹیں گر چکی تھیں۔ اس موقع پرکپتان ڈینیئل ویٹوری اور نتھن میکولم نے ذمہ دارنہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کے اسکور کو سہارا دیا۔ میکولم نےکیویز کی جانب سے واحد نصف سنچری اسکور کی اور 52 رنز بنانے کے بعد مچل جانسن کی بال پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ ویٹوری نے 44 رنز بنائے۔ اس طرح نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 46ویں اوور میں 206 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہو گئی۔

آسٹریلیا کی جانب سے مچل جانسن سب سے کامیاب بالر رہے اور انہوں نے 33 رنز کے عوض چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ٹیٹ نے تین وکٹیں لیں۔ کیویز کے مقابلے میں کینگروز نے انتہائی پر اعتماد انداز میں اپنی اننگز کا آغاز کیا۔ نیوزی لینڈ کے بالرز نے بڑی محنت کی لیکن وہ واٹسن اور ہیڈن کے اوپننگ پیئرکو توڑنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔ دونوں کھلاڑیوں نے اپنی اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں اور آسٹریلیا کی پہلی وکٹ 133 رنز پر گری۔ آؤٹ ہونے والی کھلاڑی ہیڈن تھے اور انہیں 62 رنز بنانے کے بعد بینیٹ نے آؤٹ کیا۔ واٹسن بھی 55 رنز بنانے کے بعد بینیٹ ہی کا نشانہ بننے۔ کپتان رکی پونٹنگ صرف 12رنز بنا سکے۔ تاہم پورے میچ کے دوران کوئی بھی لمحہ ایسا نہیں تھا، جہاں آسٹریلوی کھلاڑی دباؤ میں دکھائی دیے ہوں۔ آسٹریلیا نے207 رنز 34 ویں اوور میں مکمل کر لیے۔

دوسری جانب گروپ بی میں شریک میزبان بنگلہ دیش آئر لینڈ کے خلاف ڈھاکہ میں اپنا دوسرا میچ کھیل رہا ہے۔ بنگلہ دیش، بھارت کے خلاف اپنا پہلا میچ ہار چکا ہے۔

رپورٹ: عدنان اسحاق

ادارت: ندیم گِل