1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آسٹریلیا چیمپیئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں، بھارت آؤٹ

30 ستمبر 2009

چیمپیئنز ٹرافی کے گروپ اے کے ایک اہم میچ میں آسٹریلیا نے ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو دو وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فانئل تک رسائی حاصل کر لی۔ سینچوریئن میں بدھ کو کھیلے گئے اس میچ کا فیصلہ آخری گیند پر ہوا۔

https://p.dw.com/p/Jv1E
آسٹریلوی کپتان رکّی پونٹنگ ٹیم کو سیمی فائنل تک پہنچانے میں کامیاب ہوئےتصویر: AP

گروپ اے سے پاکستان پہلے ہی سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کر چکا ہے۔ آسٹریلیا کی جیت کی صورت میں اب بھارت ٹورنامنٹ سے باہر ہوگیا ہے۔ اس گروپ میں آسٹریلیا پانچ پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر جبکہ پاکستان چار پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر ہے۔

BdT Pakistan Cricket Younis Khan
پاکستانی کپتان یونس خان آسٹریلیا کے خلاف اچھی بیٹنگ کرنے میں ناکام رہےتصویر: AP

آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان نے مقررہ پچاس اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 205 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی طرف سے مچل جانسن اور شین واٹسن نے دو دو وکٹ حاصل کئے جبکہ پاکستانی بیٹسمین محمد یوسف نے 45، کامران اکمل نے 44، مصباح الحق نے 41 اور شعیب ملک نے 27 رنز بنائے۔

گیندبازوں کے لئے مدد گار سینچوریئن کی پچ پر دونوں ٹیموں کے بیٹسمین کھل کر بیٹنگ کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔ آسٹریلیا نے 206 رنز کا ہدف میچ کی آخری گیند پر بائی کی صورت میں کیا۔

Mohammad Asif
ایک عرصے کے بعد ٹیم میں واپسی کرنے والے متنازعہ بولر محمد آصف نے آسٹریلیا کے خلاف اچھی بولنگ کیتصویر: AP

پاکستان کی طرف سے محمد آصف اور سعید اجمل نے بہترین بولنگ کی۔ اجمل نے اپنے دس اوورز میں صرف اکتیس رنز دے کر دو قیمتی وکٹ جبکہ آصف نے چونتیس رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں۔ عمر گل اور شاہد آفریدی نے بھی نپی تلی بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

آسٹریلیا کی جانب سے مائک ہسی نے نصف سنچری سکور کی، وہ رانا نوید الحسن کا شکار بنے۔ کپتان رکّی پونٹنگ نے 32، وکٹ کیپر بیٹسمین پین نے 29 اور اوپنر شین واٹسن نے 24 رنز بنائے۔

بیٹنگ کے لئے ایک مشکل پچ پر نصف سنچری بنانے والے مائک ہسی ’مین آف دی میچ‘ قرار پائے۔

ادھر گروپ بی سے انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں دوسرے مرحلے تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی ہیں۔

چیمپیئنز ٹرافی کا پہلا سیمی فائنل آسٹریلیا اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان سینچوریئن میں دو اکتوبر کو کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا سیمی فائنل تین اکتوبر کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔

اس ٹورنامنٹ سے میزبان ٹیم جنوبی افریقہ، ’ہاٹ فیورٹ‘ سری لنکا، بھارت اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں باہر ہو چکی ہیں۔ چیمپیئنز ٹرافی کا فائنل پانچ اکتوبر کو سینچوریئن کے سپر سپورٹ پارک میں کھیلا جائے گا۔

رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی

ادارت: امجد علی