1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسرائیل نے شام میں ایرانی اہداف کو نشانہ بنایا

18 نومبر 2020

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے بدھ کے روز شام میں ایران کے قدس فورس سے تعلق رکھنے والے اہداف اور شامی فوج پر فضائی حملے کیے ہیں۔

https://p.dw.com/p/3lTBm
Israel Libanon | Konflikte an der Nordgrenze
تصویر: AFP/J. Marey

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ یہ فضائی حملے اس وقت کیے گئے جب اسرائیلی فوج کو اپنی شمالی سرحد کے قریب رکھے گئے جدید ترین دھماکہ خیز آلات کا پتہ چلا۔ شام کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے فضائی حملے میں اس کے تین فوجی اہلکار مارے گئے ہیں۔

اسرائیلی ڈیفینس فورسز (آئی ڈی ایف) کے ترجمان افيخاي ادرعي نے بتایا کہ ان فضائی حملوں میں مخصوص فوجی اہداف، گوداموں، ہیڈکوارٹروں اور فوجی احاطوں کو نشانہ بنایا گیا۔

آئی ڈی ایف نے کہا کہ فضائی حملے کرنے کا فیصلہ اس وقت کیا گیا جب اسرائیل کے قبضے والے گولان پہاڑیوں میں سرحد پر اس کی فوج کو 'جدید ترین‘ دھماکہ خیز آلات ملے۔

اسرائیلی فوج نے دعوی کیا ہے کہ یہ دھماکہ خیز آلات 'ایرانی فورسز کی قیادت والے شامی فوجیوں‘ نے الفا لائن پر اسرائیلی حصے میں نصب کیے تھے۔

اسرائیل پچھلے چند برسوں کے دوران شام میں ایران سے وابستہ بہت سے فوجی اہداف کو نشانہ بنا چکا ہے۔ تاہم وہ اس طرح کے فضائی حملوں کا اعتراف شاذ و نادر ہی کرتا ہے۔ ایران شامی صدر بشار الاسد کا اہم حلیف ہے۔

شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی SANA کے مطابق اسرائیل کے ان فضائی حملوں میں شام کے تین فوجی اہلکار مارے گئے جب کہ ایک دیگر زخمی ہوگیا۔ شامی فوجی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے سانا نے اس حملے کہ 'اسرائیلی جارحیت‘ قرار دیا ہے۔

قبل ازیں بدھ کی صبح کو سانا نے خبر دی تھی کہ شامی ایئر ڈیفنس نے دارالحکومت دمشق پر اسرائیل کے فضائی حملوں کو نا کام بنا دیا ہے۔

ج ا/ ص ز (روئٹرز، اے ایف پی)

جنہيں قسمت نے ہمسايہ بنا ديا: ايک مسلمان، ايک يہودی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں