1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’اسٹار وارز‘ اب والٹ ڈزنی تیار کرے گا

Adnan ishaq31 اکتوبر 2012

دنیا کی مشہور انٹرٹینمنٹ کمپنی والٹ ڈزنی نے لوکاس فلم اسٹوڈیوز خرید لیا ہے۔ لوکاس اسٹوڈیوز سائنس فکشن فلم اسٹار وارز کی وجہ سے بھی شہرت رکھتا ہے۔

https://p.dw.com/p/16ZwK
تصویر: Reuters

بین الاقوامی شہرت یافتہ انٹرٹینمنٹ کمپنی والٹ ڈزنی نے لوکاس اسٹوڈیوز کے ساتھ ساتھ اسٹار وارز کے حقوق بھی خرید لیے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ یہ سودا چار ارب ڈالر میں طے ہوا ہے۔ اس حوالے سے 68 سالہ جارج لوکاس نے بتایا کہ وقت آ گیا ہے کہ اسٹار وارز کو نئی نسل کے فلمسازوں کے سپرد کر دیا جائے۔ والٹ ڈزنی کے مطابق اب کمپنی کی سربراہی لوکاس کی جگہ کاتھلین کینیڈی کریں گی۔ کینیڈی ڈزنی کمپنی میں نائب سربراہ کے منصب پر فائز تھیں۔ اس معاہدے کے تحت اسٹار وارز فلم کا نیا سیزن شروع کیا جائے گا اور امید ہے کہ یہ ساتواں سیزن 2015ء تک تیار ہو جائے گا۔

Filmszene Die Vermessung der Welt Kino Kultur Film +++ EINSCHRÄNKUNG BEACHTEN+++
تفریحی شعبے کا ایک بہت بڑا اثاثہ وجود میں آ گیا ہے،باب اِیگرتصویر: picture-alliance/dpa

والٹ ڈزنی کے منصوبے کے مطابق سائنس فکشن اسٹار وارز کی مزید تین فلمیں بنائی جائیں گی۔ کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو باب اِیگر کہتے ہیں کہ اسٹار وار سیریز کی آخری ’فلم ریونج آف دی ستھ‘ 2005ء میں بنائی گئی تھی اور اب اس سلسلے کو آگے بڑھانے کا وقت آ گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح تفریحی شعبے کا ایک بہت بڑا اثاثہ وجود میں آ گیا ہے۔ ایگر کے بقول ابھی یہ فیصلہ نہیں کیا گیا ہے کہ لوکاس فلم کا ہیڈ کوارٹر سان فرانسسکو اور اس کے قریبی شہر مارن کاؤنٹی میں ہی رہے گا یا اسے نارتھ کیرولائنا منتقل کیا جائے گا۔ جارج لوکاس مارن کاؤنٹی میں ہی رہتے ہیں۔ ان کے ایک ترجمان نے بتایا کہ مارن کے علاقے میں تین بڑے فارم، جو لوکاس کی ذاتی ملکیت ہیں، اس معاہدے کا حصہ نہیں ہیں۔

اس سے قبل جارج لوکاس اعلان کر چکے تھے کہ وہ اسٹار وارز سلسلے کی مزید فلمیں بنانے میں دلچسپی نہیں رکھتے۔ لیکن ابھی حال ہی میں اسٹار وارز ڈاٹ کام کو انٹریو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ کم از کم تین نئی کہانیاں تیار کر چکے ہیں اور انہوں نے مزید اسکرپٹس پر کام بھی کیا ہے۔

گزشتہ سات برسوں کے دوران والٹ ڈزنی کا یہ تیسرا بڑا معاہدہ ہے۔ 2006ء میں ڈزنی کی ایک ڈیل Pixer Animation Studios کی ٹوائے اسٹوری کے ساتھ ہو چکی ہے اور اسی طرح 2009ء میں یہ کمپنی کومک Powerhouse Marvel ’پاور ہاؤس مارول‘ کے مالکانہ حقوق حاصل کرنے کا سودا کر چکی ہے۔ Pixer Animation Studios جارج لوکاس کی تخلیق تھی اور بعد میں انہوں نے یہ اسٹوڈیو ایپل کے شریک بانی اسٹیو جابز کو فروخت کر دیا تھا۔

Disney kauft Lucasfilm Ltd.
لوکاس اسٹار وارز کے تخلیقی شعبے میں مشیر کی حیثیت سے کام کرتے رہیں گےتصویر: dapd

جارج لوکاس کو ’ فکشن ورلڈ ‘ میں نمایاں اہمیت حاصل ہے۔ ان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ اپنی کاوشوں اور تخلیق کے دوران چھوٹی چھوٹی تفصیلات کا بہت ہی خیال رکھتے ہیں۔ والٹ ڈزنی کے مطابق جارج لوکاس اسٹار وارز منصوبے میں کری ایٹو کنسلٹنٹ یا تخلیقی شعبے میں مشیر کی حیثیت سے کام کرتے رہیں گے۔ اس سودے کےساتھ ہی وہ انفرادی طور پر ڈزنی کے 2.2 فیصد شیئرز کے مالک بھی بن گئے ہیں۔ ڈزنی اس سودے کی نصف رقم نقد ادا کرے گی اور چالیس ملین کے شیئرز بھی فروخت کیے جائیں گے۔

ai/aba (Reuters)