1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسپین چار لاکھ برطانوی شہریوں کو رہائشی پرمٹ جاری کر دے گا

1 مارچ 2019

ہسپانوی حکومت ’ہارڈ بریگزٹ‘ کی صورت میں اسپین میں مقیم تقریباﹰ چار لاکھ برطانوی باشندوں کو مستقل رہائش کے باقاعدہ اجازت نامے جاری کر دے گی۔ میڈرڈ حکومت آج ہی بریگزٹ سے متعلق اپنی پالیسی کا اعلان کرنے والی ہے۔

https://p.dw.com/p/3EK5C
تصویر: Getty Images/Afp/Marcos Moreno

اسپین کے دارالحکومت میڈرڈ سے جمعہ یکم مارچ کو ملنے والی نیوز ایجنسی روئٹرز کی رپورٹوں کے مطابق ہسپانوی روزنامے ’ایل پائس‘ نے آج اپنے آن لائن ایڈیشن میں حکومتی ذرائع کے حوالے سے لکھا کہ اسپین اپنی پوری کوشش کر رہا ہے کہ وہ برطانیہ کے یورپی یونین سے آئندہ اخراج کے لیے ہر حوالے سے تیار رہے۔

Brüssel Flaggen Treffen May & Juncker
برطانیہ 29 مارچ تک یورپی یونین سے نکل جائے گاتصویر: Reuters/Y. Herman

برطانوی وزیر اعظم ٹریزا مے نے یورپی یونین کے ساتھ بریگزٹ سے متعلق ایک باقاعدہ معاہدہ طے تو کر لیا تھا لیکن لندن میں ملکی پارلیمان نے ابھی تک اس معاہدے کی منظوری نہیں دی۔ دوسری طرف اس میں بھی کوئی شک نہیں کہ برطانیہ اپنے اب تک کے اعلان کردہ پروگرام کے مطابق 29 مارچ تک یورپی یونین سے نکل جائے گا۔

برطانیہ کے یورپی یونین سے اخراج کے لیے بریگزٹ کی اصطلاح استعمال کی جاتی ہے لیکن اگر لندن کو یونین کے ساتھ کسی ڈیل کے بغیر ہی بریگزٹ پلان پر عمل کرنا پڑا، تو اس کے لیے ماہرین ’ہارڈ بریگزٹ‘ کی اصطلاح استعمال کر رہے ہیں۔

ہسپانوی اخبار ’ایل پائس‘ کے مطابق میڈرڈ حکومت نے اپنی سیاسی تیاریوں میں یہ فیصلہ کر لیا ہے کہ اگر برطانیہ کا یونین سے اخراج ’ہارڈ بریگزٹ‘ ہوا، تو اسپین اپنے ہاں مقیم تقریباﹰ چار لاکھ برطانوی شہریوں کو ملک میں مستقل رہائش کے سرکاری پرمٹ جاری کر دے گا۔

روئٹرز کے مطابق میڈرڈ حکومت بریگزٹ سے متعلق اپنے پالیسی پلان کی تفصیلات آج ہی یکم  مارچ کو جاری کرنے والی ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ ’ہارڈ بریگزٹ‘ کی صورت میں اس فیصلے کا اطلاق جس طرح اسپین میں مقیم لاکھوں برطانوی باشندوں پر ہو گا، اسی طرح میڈرڈ کی خواہش ہو گی کہ لندن حکومت بھی ان ہزارہا ہسپانوی شہریوں کو برطانیہ میں رہائش کے پرمٹ جاری کرے، جو وہاں رہتے اور کام کرتے ہیں۔

روزنامہ ’ایل پائس‘ کے مطابق اس منصوبے کا اطلاق جبرالٹر پر بھی ہو گا۔ میڈرڈ حکومت کی طرف سے اس پالیسی کے اعلان کے بعد اس کی تفصیلات فوراﹰ ہی منظوری کے لیے ملکی پارلیمان کو بھجوا دی جائیں گی۔ اس عمل میں زیادہ تاخیر اس لیے نہیں کی جائے گی کہ اسپین میں قبل از وقت ہونے والے اگلے عام انتخابات کے پیش نظر جلد ہی ملکی پارلیمان تحلیل کر دی جائے گی۔

ہسپانوی حکومت نے گزشتہ ماہ عوامی شعبے میں تقریباﹰ ساڑھے سترہ سو نئے ملازمین کی بھرتی کا حکم بھی جاری کر دیا تھا۔ یہ وہ اضافی سرکاری اہلکار ہوں گے، جن کی میڈرڈ حکومت کو بریگزٹ کے بعد خاص طور پر اپنی زمینی اور سمندری سرحدوں کی نگرانی اور کسٹمز کنٹرول کے شعبوں میں ضرورت پڑے گی۔

م م / ع ت /  روئٹرز

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں