1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افغان حکام طالبان کے ساتھ مذاکرات کے لیے ابوظہبی پہنچ گئے

18 دسمبر 2018

افغان حکومت کی ایک اعلیٰ سطحی امن مذاکراتی ٹیم ابوظہبی پہنچ گئی ہے۔ یہ ٹیم امریکا اور طالبان کے نمائندوں کے درمیان گزشتہ روز شروع ہونے والے مذاکرات میں شرکت کرے گی۔

https://p.dw.com/p/3AHrH
Katar Taliban Büro in Doha
تصویر: picture-alliance/AP Photo/O. Faisal

ان مذاکرات کا مقصد افغانستان میں گزشتہ 17 برس سے جاری جنگ کا خاتمہ ہے۔ افغان صدر کے ترجمان کی طرف سے جاری ہونے والے ایک ٹوئیٹر پیغام کے مطابق عبدالسلام رحیمی کی قیادت میں مذاکراتی ٹیم ابوظہبی پہنچ گئی ہے جو طالبان کے وفد کے ساتھ مذاکرات میں شرکت کرے گی اور فریقین کے درمیان براہ راست ملاقات کی راہ ہموار کرے گی۔ ابوظہبی میں ہونے والے ان مذاکرات میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے نمائندے بھی شریک ہیں۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق 12 رکنی ٹیم کا اعلان رواں برس نومبر میں افغان صدر اشرف غنی کی طرف سے کیا گیا ہے۔ یہ اعلان طالبان کو کابل حکومت کے ساتھ مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے سفارتی کوششوں کا حصہ تھا۔

اے ایف پی کے مطابق تاہم طالبان کی طرف سے افغان حکومتی ٹیم کے ساتھ مذاکرات کی تصدیق نہیں کی گئی بلکہ پیر 17 دسمبر کو طالبان کی طرف سے جاری کردہ بیان میں اس بات کو دہرایا گیا تھا کہ وہ افغان حکومت کے ساتھ بات چیت نہیں کریں گے۔

US-Politiker Zalmay Khalilzad
طالبان کی طرف سے کہا گیا ہے کہ انہوں نے پیر کے روز خصوصی امریکی مندوب زلمے خلیل زاد کے ساتھ ’ابتدائی بات چیت‘ کی ہے اور یہ کہ مذاکرات کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔تصویر: Getty Images/AFP/M. Hossaini

آج منگل 18 دسمبر کو جاری کردہ بیان کے مطابق طالبان کی طرف سے کہا گیا ہے کہ انہوں نے پیر کے روز خصوصی امریکی مندوب زلمے خلیل زاد کے ساتھ ’ابتدائی بات چیت‘ کی ہے اور یہ کہ مذاکرات کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ اس بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ انہوں نے پاکستان، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے حکام کے ساتھ ’تفصیلی بات چیت‘ کی ہے جس میں اس مطالبے کو دہرایا گیا ہے کہ تمام بین الاقوامی افواج کو افغانستان چھوڑ دینا چاہیے۔ امریکا کی طرف سے تاہم زلمے خلیل زاد اور طالبان کے درمیان براہ راست بات چیت کی تصدیق نہیں کی گئی۔

خیال رہے کہ محض پاکستان، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات ہی وہ تین ممالک تھے جنہوں نے افغانستان میں 1996ء سے 2001ء تک کے عرصے میں طالبان کی حکومت کو تسلیم کیا تھا۔

ا ب ا / ع ا (اے ایف پی)