1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افغان ’مونا لیزا‘ کا پاکستانی شناختی کارڈ منسوخ

عدنان اسحاق25 فروری 2015

معروف ترین افغان پناہ گزین شربت گلہ کی پاکستانی شہریت منسوخ کر دی گئی ہے۔ انہیں ابھی کچھ دن قبل ہی شناختی کارڈ جاری کیا گیا تھا۔

https://p.dw.com/p/1EhAd
تصویر: picture alliance/Goran Stanzl

اس خاتون کا چہرہ افغان مہاجرین کی مصیبتوں کا عکاس سمجھا جاتا ہے۔ شربت گلہ یا شربت بی بی اُس وقت عالمی سطح پر مشہور ہوئیں، جب 12سال کی عمر میں ان کی تصویر جریدے ’نیشنل جیوگرافک‘ نے اپنے سرورق پر شائع کی تھی۔ اب یہ خاتون ایک مرتبہ پھر سرخیوں میں ہیں کیونکہ پاکستانی حکام نے شربت بی بی کا پاکستانی شہری کی حیثیت سے بنایا گیا قومی شناختی کارڈ منسوخ کر دیا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق اسلام آباد حکام نے یہ کہتے ہوئے شربت بی بی کی شہریت منسوخ کی کہ انہوں نے پاکستانی شناختی کارڈ غیر قانونی طریقے سے حاصل کیا تھا۔

1984ء میں ایک امریکی فوٹو گرافر اسٹیو میکری نے پشاور کے قریب ایک افغان پناہ گزین کیمپ میں شربت بی بی کی تصویر کھینچی تھی۔ اس تصویر میں سبز آنکھوں والی یہ بارہ سالہ لڑکی انتہائی سنجیدہ دکھائی دے رہی ہے اور وہ اپنے سر کو سرخ رنگ کے ایک پھٹے ہوئے دوپٹے سے ڈھکے ہوئے ہے۔ اسے فوراً ہی ایک شاہکار کا درجہ دیتے ہوئے اس کا معروف مصور لیونارڈو ڈا ونچی کی مشہور تصویر مونا لیزا سے موازنہ کیا جانے لگا۔

Afghanistan Flüchtlinge Flüchtlingslager
تصویر: AP

شربت بی بی جب چھ سال کی تھیں تو سوویت طیاروں کی بمباری سے ان کے والدین ہلاک ہو گئے تھے اور اس کے بعد وہ اپنے بہن بھائیوں کے ساتھ پہاڑوں کو پار کرتے ہوئے پاکستان پہنچی تھیں۔ اس تصویر کے شائع ہونے کے بعد ایک طویل عرصے تک شربت گلہ منظر عام سے غائب ہو گئی تھیں۔ پھر فوٹو گرافر اسٹیو میکری نے ہی 2002ء میں ایک مرتبہ پھر ان کی تلاش شروع کی اور انہیں افغانستان کے ایک گاؤں میں ڈھونڈ نکالا۔ اُس وقت تک شربت نے ’افغان لڑکی‘ کے نام سے مشہور ہونے والی تصویر نہیں دیکھی تھی۔

شربت بی بی بھی ان ہزاروں افغان باشندوں میں سے ایک ہیں، جن پر غیر قانونی طریقے پاکستانی شہریت حاصل کرنے کے الزامات ہیں۔ اسلام آباد میں نادرا کے ایک ترجمان نے بتایا کہ جانچ پڑتال کے دوران بائیس ہزار سے زائد ایسے واقعات سے سامنے آئے ہیں، جن میں افغان پناہ گزینوں نے قانون پر عمل نہ کرتے ہوئے پاکستانی شہریت حاصل کی ہے۔