1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افغانستان میں نیٹو مشن کا مستقبل اور امن مذاکرات

14 مارچ 2019

افغانستان میں نیٹو اتحاد افغان فوجیوں کے لیے عسکری تربیتی مشن جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس اتحاد کے سربراہ نے اس مشن کے مستقبل کو امریکا اور افغان طالبان کے درمیان ہونے والے مذاکرات سے نتھی کر دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/3F4Wi
Afghanistan neuer Nato-Oberbefehlshaber General Scott Miller
تصویر: Reuters/M. Ismail

 مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے سیکرٹری جنرل ژینس اسٹولٹن برگ کا کہنا ہے کہ افغانستان میں نیٹو مشن کے مستقبل کا دار و مدار امریکا اور طالبان کے درمیان جاری مذاکرات کے نتیجے پر ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیٹو کے فوجیوں کی تعداد میں کمی یا موجودہ سطح کو برقرار رکھنے کے فیصلے کا انحصار بھی اسی مذاکراتی عمل پر ہو گا اور اس حوالے سے ابھی کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

اسی تناظر میں نیٹو کے فوجی ذرائع نے بھی افغانستان سے اپنے فوجیوں کے انخلا کی منصوبہ بندی کی تردید کی ہے۔ دوسری جانب افغان طالبان اور امریکی خصوصی مندوب زلمے خلیل زاد کے درمیان امن مذاکرات کا ایک طویل دور رواں ہفتے کے دوران مکمل ہوا۔ زلمے خلیل زاد نے مذاکرات کے اختتام پر اس مکالمتی دور کو مثبت قرار دیا تھا۔

مغربی دفاعی اتحاد افغانستان میں شروع کی جانے والی امریکی جنگ میں سن 2003 میں شامل ہوا تھا۔ عسکری ماہرین نے اس شمولیت کو نیٹو کی ایک بڑی مہم جوئی قرار دیا تھا۔ سن 2015 میں جنگی کارروائیوں کے سلسلے کو ختم کر دیا گیا تھا اور اُس کی جگہ پر افغان فوج اور سکیورٹی سے جڑے دیگر اہلکاروں کی تربیت کے پروگرام کو شروع کیا گیا تھا۔ یہ مشن اب بھی جاری ہے۔ یہ بھی حقیقت ہے کہ امریکی فوج کی موجودگی اور نیٹو کے تربیتی مشن کے باوجود افغانستان کا مسلح تنازعہ بدستور موجود ہے۔

NATO - ISAF-Truppe in Afghanistan
نیٹو کے فوجی ذرائع نے بھی افغانستان سے اپنے فوجیوں کے انخلا کی منصوبہ بندی کی تردید کی ہےتصویر: picture-alliance/dpa/M. Gambarini

اسی دوران افغانستان کے سکیورٹی حکام نے بتایا ہے کہ ملکی فضائیہ کی ایک کارروائی میں القاعدہ سے تعلق رکھنے والے اکتیس مبینہ عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ یہ فضائی حملے صوبہ غزنی میں قائم شدت پسندوں کے ٹھکانے پر کیے گئے۔ افغان وزارت دفاع کے مطابق جس وقت یہ کارروائی کی گئی، اس وقت ان عسکریت پسندوں کا ایک سہولت کار انہیں کسی اور جگہ پر لے جانے کی کوشش میں تھا۔

غزنی کے گورنر کے ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والے عسکریت پسندوں کا تعلق غالباﹰ طالبان کے حامی حقانی نیٹ ورک سے تھا۔ اُدھر افغان حکام نے ایک فوجی بیس پر امریکی میزائل لگنے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔ میزائل جس فوجی بیس پر جا گرا تھا، وہ اُرُوزگان کے مقام ترین کوٹ میں واقع ہے۔ افغان وزارت دفاع نے میزائل لگنے کو غلط فہمی کا نتیجہ قرار دیا ہے اور ہلاک ہونے والے فوجیوں کی تعداد کے بارے میں بھی کوئی وضاحت نہیں کی۔