1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امام اولو ایردوآن کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں

24 جون 2019

استنبول میں بلدیہ عظمیٰ کے انتخابات میں اکرم امام اولو کی جیت کو پورے ترکی کے لیے ایک ’نیا آغاز‘ قرار دیا جا رہا ہے۔ ترک صدر نے اپنی جماعت کی شکست کو کھلے دل سے تسلیم کیا۔ استنبول کی سڑکوں پر جشن کا سماں ہے۔

https://p.dw.com/p/3KyGH
Türkei Rede des neuen Bürgermeister von Istanbul, Ekrem Imamoglu | Anhänger in Beylikdüzü
تصویر: Presseabteilung von Ekrem İmamoğlu

ترک صدر رجب طیب ایردوآن کے مضبوط گڑھ سمجھے جانے والے شہر استنبول میں مئیر کے انتخابات میں اکرم امام اولو کی جیت کی خبریں سننے کے فورا بعد ہزاروں شہری استنبول کی گلیوں اور سڑکوں پر اُمڈ آئے۔ اپوزیشن جماعت سی ایچ پی کے اُمیدوار کو استنبول میں تقریبا پچیس برس بعد فتح نصیب ہوئی ہے۔  سیکولر سی ایچ پی کے حامیوں نے ترکی کے پرچموں کے ساتھ ساتھ جدید ترکی کے بانی مصطفی کمال اتاترک کی تصاویر بھی اٹھا رکھی تھیں۔ ایک تیس سالہ خاتون لائدا کا کہنا تھا، ''میں کئی برسوں بعد اس قدر خوش ہوں۔‘‘

’’یہ پورے ترکی کی فتح ہے‘‘

انچاس سالہ امام اولو کا اپنے ہزاروں حامیوں کے سامنے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ پورے ملک کے لیے ایک نیا آغاز ہے، ''یہ انتخابات کسی ایک جماعت نے نہیں جیتے بلکہ یہ پورے استنبول اور پورے ترکی کی فتح ہے۔‘‘ ان کا مزید کہنا تھا، ''آج استنبول کے سولہ ملین شہریوں نے جمہوریت پر ہمارا یقین پختہ کر دیا ہے اور انصاف پر ہمارا اعتماد بحال ہو گیا ہے۔‘‘

Türkei Istanbul-Wahlen | Feier der Anhänger Imamoglus
تصویر: picture-alliance/AP Photo/L. Piarakis

امام اولو نے ترک صدر رجب طیب ایردوآن کے ساتھ مل کر کام کرنے کا اعلان کیا ہے تاکہ شہر کے مسائل  فوری طور پر حل کیے جا سکیں۔ ترکی کے سب سے بڑے شہر استنبول میں میئر کی سیٹ کو انتہائی اہمیت حاصل ہے۔ اس سے قبل ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے ٹویٹر پر ایک پیغام جاری کرتے ہوئے امام اولو کو مبارک باد پیش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ انتخابات عوامی رائے کے ترجمان تھے۔ اسی طرح حریف امیدوار اور سابق وزیراعظم بن علی یلدرم نے بھی امام اولو کو مبارک باد دی ہے۔ ان کا تعلق برسر اقتدار اسلام پسند جماعت اے کے پی سے ہے۔

مارچ میں ہونے والے انتخابات کی نسبت اس مرتبہ امام اولو نے واضح برتری حاصل کی ہے۔ پہلے انتخابات کے نتائج کو منسوخ کر دیا گیا تھا۔ نتائج کے مطابق اس مرتبہ سیکولر جماعت سی ایچ پی کے امام اولو کو چون فیصد ووٹ حاصل ہوئے ہیں جبکہ بن یلدرم کو پینتالیس فیصد ووٹ ملے ہیں۔

Türkei Bürgermeisterwahlen CHP Parteizentrum
تصویر: CHP

تجزیہ کاروں کے مطابق ان انتخابات میں ترک معاشی بحران نے ایک اہم کردار ادا کیا ہے۔ ترک کرنسی کی قدر میں کمی اور افراط زر میں اضافے کی وجہ سے اے کے پی کے روایتی ووٹروں میں بھی بے چینی پائی جاتی تھی۔ امام اولو نے اپنی انتخابی مہم میں غربت، بے روزگاری اور بچوں کی بہتر نگہداشت جیسے امور کو موضوع بنایا تھا۔ انہوں نے شہری انتظامیہ کے خلاف 'جنگ کا اعلان‘ کر رکھا تھا۔

ا ا / ع ح ( آر ٹی آر، ڈی پی اے، اے ایف پی، اے پی)