1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’امريکا آمروں، انتہا پسندوں اور قصائيوں کی حمايت کرتا ہے‘

6 فروری 2019

امريکی صدر کے ’اسٹيٹ آف دی يونين خطاب‘ کے رد عمل ميں ايرانی وزير خارجہ نے اپنے ايک ٹوئٹر پيغام ميں لکھا ہے کہ ’امريکا، مشرق وسطیٰ ميں آمروں، انتہا پسندوں اور قصائيوں کی حمايت کرتا ہے۔‘

https://p.dw.com/p/3Cnz8
Der iranische Außenminister  Mohammad Javad Zarif
تصویر: picture-alliance/AP/R. Drew

ايرانی وزير خارجہ محمد جواد ظريف نے مائیکرو بلاگنگ ويب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ايک پيغام ميں لکھا، ’’جارحيت امريکا کو اس مقام تک لے آئی ہے کہ وہ آمروں، قصائيوں اور ان انتہا پسندوں کی حمايت پر اتر آيا ہے، جنہوں نے اس خطے ميں صرف تباہی پھيلائی ہے۔‘‘ ايرانی وزير نے يہ ٹوئيٹ امريکی صدر کے ’اسٹيٹ آف دی يونين خطاب‘ ميں ايران کے خلاف جملوں کے رد عمل ميں بدھ چھ فروری کو کی ہے۔

قبل ازيں منگل پانچ فروری کی شام امريکی صدر نے اپنے سالانہ ’اسٹيٹ آف دا يونين خطاب‘ ميں ايران کو کڑی تنقيد کا نشانہ بنايا۔ انہوں نے ايران کو دہشت گردی کی حمايت کرنے والوں ميں سرفہرست ملک قرار ديا اور يہ بھی کہا کہ ان کی انتظاميہ نے ايران سے نمٹنے ميں فيصلہ کن اقدامات کيے۔ ٹرمپ نے ايران کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا، ’’يہ ايک انتہا پسند حکومت ہے۔ وہ بری چيزيں کرتے ہيں، بہت بری۔ ہم ’امريکا مردہ باد‘ کے نعرے لگانے والی اور يہوديوں کی نسل کشی کی دھمکی دينے والی حکومت سے اپنی نگاہيں نہيں ہٹائيں گے۔‘‘

اس کے رد عمل ميں جواد ظريف نے لکھا کہ ايران اور وہاں مقيم يہودی برادری ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا، ’’ايرانی شہری اور ان کے يہودی ساتھی امريکی دباؤ کے باوجود ترقی کے چاليس برس پورے ہونے کی خوشیاں منا رہے ہيں۔‘‘ ايران ميں سن 1979 کے انقلاب کے چاليس برس مکمل ہونے کے سلسلے ميں آئندہ پير کو تقاريب منعقد ہو رہی ہيں۔

روايتی حريف ممالک امريکا اور ايران کے مابين کشيدگی کی تازہ لہر گزشتہ برس مئی سے جاری ہے، جب امريکا نے ايران کی متنازعہ جوہری سرگرميوں کو محدود رکھنے کے ليے چھ عالمی قوتوں کے ساتھ طے شدہ معاہدے سے دستبرداری اور اقتصادی پابنديوں کی بحالی کا اعلان کر ديا تھا۔ انہی پابنديوں کے نتيجے ميں حاليہ دنوں ميں ايرانی معيشت کافی کمزور ہو چکی ہے۔

جوہری معاہدے سے امريکا کی دستبرداری: ايرانی کاروباری ادارے پريشان

ع س / ع ا، نيوز ايجنسياں