1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکا آئی ایم ایف کی اصلاحاتی پیکج کو تسلیم کرے: جی ٹوئنٹی

عابد حسین12 اپریل 2014

امریکا کے دارالحکومت واشنگٹن میں ترقی یافتہ اور ترقی پذیر اقوام کے گروپ جی ٹوئنٹی کے وزرائے خزانہ کا اجلاس دو روز تک جاری رہنے کے بعد جمعے کے روز ختم ہو گیا۔ دو روزہ اس اجلاس کا مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1Bgma
تصویر: Reuters

واشنگٹن میں دنیا کی اہم ترقی یافتہ اور ابھرتی اقتصادیات کے حامل ملکوں کے وزرائے خزانہ کے اجلاس کے ساتھ ساتھ انہی ملکوں کے مرکزی بینکوں کے سربراہان کا اجلاس بھی شیڈیول کیا گیا تھا۔ اس اجلاس میں عالمی اقتصادیات کے معاملات سے لے کر یوکرائن کے تنازعے تک توجہ مرکوز کی گئی۔

Obama Bozar Halle Brüssel Rede 26.03.2014
امریکی صدر باراک اوباما آئی ایم ایف کے اصلاحاتی پیکج کو مسترد کر چکے ہیںتصویر: Reuters

اس اِجلاس میں جی ٹوئنٹی کے وزرائے خزانہ نے اتفاق کیا کہ ٹیکس کی مد میں کی گئی عالمی اصلاحات پر عمل پیرا ہونے کی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ اس کے علاوہ بڑی تجارتی کمپنیوں کے منافع پر نگاہ رکھنے کے علاوہ بینکاری پر بھی مسلسل نظر رکھی جائے گی تاکہ بھاری گھاٹے میں جانے والے بینکوں کو بچانے کے لیے فوری اقدامات کیے جا سکیں۔

وزرائے خزانہ کے اس اجلاس کے بعد جاری ہونے والے مشترکہ اعلامیے میں آئی ایم ایف کے اصلاحاتی پیکج کو تسلیم کرنے میں امریکا کی تاخیر پر مایوسی کا اظہار بھی کیا گیا۔ جی ٹوئنٹی کے وزرائے خزانہ کے اس اجلاس کے حاشیے میں ہونے والی عالمی مالیاتی ادارے اور ورلڈ بینک کی میٹنگز میں شرکت کے بعد آسٹریلیا کے وزیر خزانہ جو ہوکی نے کہا کہ وہ امریکا سے مطالبہ کرتے ہیں کہ مالیاتی اصلاحاتی پلان کے نفاذ کو یقینی بنایا جائے۔

یہ پلان سن 2010 میں منظور کیا گیا تھا۔ کہا جاتا ہے کہ اس پلان کے پوری طرح نافذ ہونے سے عالمی مالیاتی ادارے کے مالی وسائل دوگنا ہو جائیں گے۔ اس منصوبے کے تحت آئی ایم ایف کی ابھرتی اقتصادیات مثلاً جنوبی افریقہ، چین، روس وغیرہ کو رائے شماری میں زیادہ اختیارات بھی حاصل ہو جائیں گے۔ تاہم امریکی کانگریس اس پلان کو مسترد کر چکی ہے۔ جاپان اور جرمنی سمیت کئی ممالک امریکا سے مطالبہ کر چکے ہیں کہ وہ اس پلان کی توثیق کرے کیونکہ ایسا کرنے سے عالمی مالیاتی ادارہ مزید مستحکم ہو گا۔

جی ٹوئنٹی کے وزرائے خزانہ کے اجلاس میں اس پر بھی اتفاق کیا گیا کہ اگر امریکا رواں برس کے اختتام تک انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کے وضع کردہ مالیاتی اصلاحاتی پروگرام کو تسلیم نہیں کرتا تو تادیبی کارروائی کی جائے گی۔ جی ٹوئنٹی کے اس انتباہ پر امریکی ردعمل ابھی تک سامنے نہیں آیا ہے۔ جی ٹوئنٹی کے اجلاس میں ایک مرتبہ پھر عالمی مالیاتی ادارے میں ابھرتی اقتصادیات کے حامل ملکوں کو مزید اختیار تفویض کرنے کے معاملے پر بھی گفتگو کی گئی لیکن اس حوالے سے کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی ۔

Pro-russische Proteste in Donezk, Ukraine 06.04.2014
اس اجلاس میں عالمی اقتصادیات کے معاملات علاوہ یوکرائن کے تنازعے پر بھی توجہ مرکوز کی گئیتصویر: picture-alliance/dpa

جی ٹوئنٹی کے اجلاس کے اختتام پر جاری ہونے والے مشترکہ اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا کہ میٹنگز میں یوکرائنی بحران پر بھی غور کیا گیا۔ اس دوران امریکی دارالحکومت میں ترقی یافتہ اقوام کے گروپ جی سیون میں شریک جرمن وزیر خزانہ وولف گانگ شوئبلے کا کہنا تھا کہ ترقی یافتہ اقوام نے مشترکہ طور پر یوکرائنی بحران کو حل کرنے پر اتفاق کیا ہے اور اس صورت حال کے حل میں روس کو یقینی طور پر شامل کیا جائے گا۔

یوکرائنی بحران کے تناظر میں پیدا شدہ صورت حال کے تناظر میں آسٹریلیا کے وزیرخزانہ جو ہوکی کا کہنا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ روس گروپ کے سربراہ اجلاس میں شریک ہو گا جو نومبر میں آسٹریلوی شہر برسبین میں ہو گا۔ مشترکہ اعلامیے میں سابقہ اجلاس میں طے پانے والی مالیاتی پالیسی کے تحت ممکنہ امدادی پیکج پر کھل کر کوئی بات نہیں کی گئی۔