1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

Gun legislation

Ali Amjad4 اپریل 2013

امریکی ریاست کنیکٹی کٹ کے شہر نیو ٹاؤن میں ہونے والے فائرنگ کے ایک واقعے کے چار ماہ بعد بدھ کے روز سینیٹ یعنی ریاستی ایوان بالا نے گن کنٹرول کے حوالے سے کثرت رائے سے ایک سخت قانون کی منظوری دے دی۔

https://p.dw.com/p/189PB
تصویر: Reuters

اسٹیٹ سینیٹ نے 10کے مقابلے میں 26 ووٹوں کی اکثریت سے اِس بل کی منظوری دی۔ 14 دسمبر کو سینڈی ایلیمنٹری اسکول می‍ں ہونے والے فائرنگ کے واقعے میں بیس بچوں اور چھ ٹیچرز کو ہلا ک کر دیا گیا تھا۔ اس قانون سازی کا مقصد ریاست میں گن کلچر کی حوصلہ شکنی کرنا ہے۔

گن کنٹرول کے مخالفین کی جانب سے اس سخت قانون سازی پر احتجاج سامنے آیا ہے۔ لیکن ایوان نمائندگان کی جانب سے اس کی منظوری کے بعد ریاست کنیکٹی کٹ کے گورنر ڈینل میلوئے جمعرات کے روز متوقع طور پر اس قانون پر دستخط کر دیں گے۔

اس نئی قانون سازی کے تحت آتشیں اسلحے کی مزید ایک سو مختلف اقسام پر پابندی عائد کر دی جائے گی۔ آتشیں اسلحے کی دیگر اقسام کی فروخت کے حوالے سے بھی ایک نظام وضع کیا جائے گا۔

Barack Obama Waffengesetze in den USA
تصویر: Reuters

نئے قانون کے تحت رائفل، شاٹ گن یا اُن میں استعمال ہونے والی گولیوں کی خریداری کے لیے متعلقہ حکام سے سرٹیفیکٹ کے حصول سمیت بہت سی دیگر شرائط پورا کرنا ہوں گی۔

کنیکٹی کٹ سینیٹ کے صدر ڈونلڈ ای ولیمز نے کہا ہے کہ آتشیں اسلحے کے کنٹرول کے لیے امریکہ کی دیگر ریاستوں کو بھی اسی طرح کی سخت قانون سازی کرنی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’یہ ایک پیغام ہے، جس کی باز گشت 49 دیگر ریاستوں اور واشنگٹن میں بھی سنی جانی چاہیے‘۔

آیا کنیکٹی کٹ ریاست کا پیغام واشنگٹن پر اپنا تاثر قائم کرنے میں کامیاب ہوتا ہے، یہ دیکھنا ابھی باقی ہے۔ امریکی سینیٹ میں، جہاں پر ڈیموکریٹس کی اکثریت ہے، پانچ ریپبلکن سینیٹرز کے ایک گروپ نے سینیٹ کے اکثریتی لیڈر ہیری لیڈ کو ایک خط لکھ کر اس طرح کے اقدامات کے خلاف تنبیہ دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اس قانوں سازی کی شدید مخالفت کریں گے، جو امریکیوں کو اسلحہ رکھنے جیسے آئینی حق سے محروم کرے۔

Washington Demonstration für strengeres Waffenrecht ALTERNATIVER AUSSCHNITT
واشنگٹن میں لوگوں کا گن کنٹرول اقدامات کے حق میں مظاہرہتصویر: Reuters

کرسٹن گوسDisarmed:The Missing Movement for Gun Control نامی کتاب کی مصنفہ ہیں۔ اُنہوں نے ڈوئچے ویلے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’عملی طور پر میرا خیال ہے کہ اگر گن کنٹرول کا بل سینیٹ میں گیا تو ایک اچھی اکثریت اس کی حمایت کرے گی۔ ایک چھوٹے گروپ کی اس حوالے سے تنبیہ کی کوئی خاص اہمیت نہیں ہے۔‘

امریکی کانگرس کے برعکس، جہاں پر اسلحہ کنٹرول کرنے کے حوالے سے اقدامات سرد مہری کا شکار ہیں، امریکا کی بہت سی ریاستوں نے اپنے طور پر اس حوالے سے قانون سازی کرنا شروع کر دی ہے۔ کولوراڈو اور نیویارک نے گن کنٹرول کے لیے نئے اقدامات کی منظوری دے دی ہے جبکہ بہت سی ریاستوں میں اسلحہ رکھنے کے حق میں قانون سازی کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ ایک حالیہ جائزے کے مطابق، امریکہ کی سترہ ریاستوں اور واشنگٹن میں گن کنٹرول قانون سازی پر غور کیا جا رہا ہےجبکہ 26ریاستیں اسلحہ رکھنےکے حق میں قانون منظور کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

S.Kimball/zh/aa